• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا: تھینکس گیونگ ڈے کے موقع پر سمندری طوفان اور ہواؤں سے روزمرہ زندگی متاثر

تصویر سوشل میڈیا۔
تصویر سوشل میڈیا۔

امریکہ میں تھینکس گیونگ ڈے کے موقع پر آنے والے شدید سمندری طوفان نے مشرقی ساحلی ریاستوں میں نظامِ زندگی مفلوج کر دیا، جس کے نتیجے میں تقریباً 10 لاکھ صارفین بجلی سے محروم ہوگئے اور فضائی و زمینی سفر شدید متاثر ہوا۔ 

امریکہ سے متعلق 500 پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ 3000 پروازیں تاخیر کا شکار ہوچکی ہیں۔ نیو یارک اور واشنگٹن ڈی سی جیسے بڑے ایئر پورٹس سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔

ریگن ایئر پورٹ کے رن ویز پر سیلابی پانی جمع ہوگیا اور لاگارڈیا پر عارضی طور پر پروازیں روکنا پڑیں۔ جمعرات کی شام 7:30 بجے طوفان کی شدت کے وقت 9 لاکھ 61 ہزار سے زائد صارفین بجلی سے محروم تھے، جو رات تقریباً 10 بجے تک کم ہو کر 9 لاکھ 8 ہزار رہ گئے۔ 

پنسلوانیا میں 2 لاکھ 7 ہزار سے زائد، نیو جرسی میں 1 لاکھ 79 ہزار، میری لینڈ میں 1 لاکھ 39 ہزار، ورجینیا میں 1 لاکھ 6 ہزار، مسوری میں 1 لاکھ اور نیو یارک میں 68 ہزار سے زیادہ گھروں اور کاروباروں کی بجلی منقطع ہوئی۔

شدید بارشوں سے نرم مٹی اور 50 سے 70 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی طوفانی ہواؤں کے باعث درخت جڑوں سے اکھڑ کر بجلی کی تاروں اور کھمبوں پر گر گئے۔ 

تیز ہواؤں اور ساحلی سیلاب کے باعث پنسلوانیا اور نیو جرسی کو ملانے والا 'کموڈور بیری برج' اور میری لینڈ کے کئی پُل ٹریفک کے لیے بند کر دیے گئے۔ 

شدید خراب موسم اور حفاظت کے پیشِ نظر نیو یارک شہر کی مشہور سالانہ میسیز تھینکس گیونگ ڈے پریڈ کو اپنی 100 سالہ تاریخ میں پہلی بار موسم کی وجہ سے ملتوی کرکے ہفتہ 28 نومبر تک مؤخر کر دیا گیا۔ 

نیو یارک اور نیو جرسی کے گورنرز نے شدید سیلاب اور طوفان کے خطرے کے پیشِ نظر ہنگامی حالت نافذ کر دی۔ نیو یارک شہر اور ورجینیا میں سیلابی پانی میں پھنسی گاڑیوں سے درجنوں افراد کو ریسکیو کیا گیا۔ 

ایک طرف مشرقی ساحل پر موسلادھار بارش اور اونچی سمندری لہروں نے تباہی مچائی، تو دوسری طرف وسط مغربی ریاست مسوری میں شدید برف باری ریکارڈ کی گئی جبکہ مغربی ساحل کیلیفورنیا میں بھی اونچی لہروں کے باعث ساحلی علاقوں کو خالی کروایا گیا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید