ان دنوںلاہورمیں چوتھی عالمی پنجابی کانفرنس بپا ہے۔لیکن یہ بات ہے تیسری کانفرنس کی جو پچھلے سال لگ بھگ ان ہی دنوں میں منعقد ہوئی۔ شاعر اور ادیب سرمد صہبائی کاایک سیشن میں کہنا تھا کہ کسی زبان کی عظمت کا اصل ثبوت اس میں تخلیق ہونے والا اچھا ادب ہے۔ زبانیں محض نعروں، تقریبات اور دعوؤں سے بڑی نہیں ہوتیں، ان کا قد ان میں لکھی جانے والی تخلیقات بلند کرتی ہیں۔اس سیشن کی نظامت کہانی کار اکمل شہزاد گھمن کر رہے تھے۔ معلوم نہیں سرمد صہبائی کی بات نے ان پر کتنا اثر کیا، لیکن ان کا تازہ ناول ’پرچھاواں‘ پڑھ کر محسوس ہوتا ہے کہ انھوں نے اس مشورے کو محض سنا نہیں، اس پر عمل بھی کیا ہے۔ شاہ مکھی اور گورمکھی رسم الخط میں چھپی یہ ایک ایسی تخلیق ہے جس نے پنجابی ادب کے دائرے سے نکل کر بین الاقوامی سطح پر بھی توجہ حاصل کی ہے اور اسے پنجابی ادب کے معتبر عالمی اعزاز، ڈھاہاں پرائز فار پنجابی لٹریچر سے نوازا گیا ہے۔
ابتدا میں ’پرچھاواں‘ گھونو اور طیفے کے عشق کی کہانی محسوس ہوتا ہے، مگر آگے چل کر یہ ایک محبت کی داستان سے بڑھ کر پنجاب کے اس عہد کی عکاسی بن جاتا ہے جس نے دیہی معاشرے کی ساخت، اقدار اور اجتماعی زندگی بدل دی۔جنرل ضیاء الحق کے دور اور افغان جہاد کے پس منظر میں لکھا گیا یہ ناول اس تاریخ کو عالمی سیاست یا سفارتکاری کے بجائے ایک پنجابی گاؤں کے منظرنامے سے دیکھتا ہے، جہاں جہادی فکر، ہیروئن اور کلاشنکوف کلچر کے اثرات لوگوں کے روزمرہ معمولات، رشتوں، رسموں اور تہذیبی شناخت تک کو بدل دیتے ہیں۔
ناول کی معنویت سمجھنےکیلئے اس کا ابتدائی تصادم ہی کافی ہے۔ ایک طرف حاجی کھسرا، پونم، کالو اور بلا ہیں، جو گاؤں میں بچے کی پیدائش پر ودھائی دینے کی مقامی روایت نبھانے آتے ہیں۔ دوسری طرف عابد ہے، جو عرب ممالک سے واپسی پر اس روایت کو غیر مذہبی سمجھتے ہوئے اس کی مخالفت کرتا ہے۔ بظاہر یہ ایک رسم پر اختلاف ہے، لیکن یہاں دو مختلف تہذیبی رویے آمنے سامنے آ جاتے ہیں۔عابد کی ماں کا اپنے بیٹے کو تھپڑ مارنا اس تناؤ کا ایک معنی خیز منظر ہے۔ اسی موقع پر حاجی کھسرے کا جملہ، ’’پنڈ اُتے پرچھاواں پے گیا اے‘‘، پوری کہانی کو ایک نئے مفہوم سے آشنا کر دیتا ہے۔ یہ محض کسی کردار کا تبصرہ نہیں، ناول کا بنیادی استعارہ ہے۔ ایک ایسے سائے کی آمد جو گاؤں کی پہچان،روایات اور طرزِ زندگی سب کچھ بدلنے والا ہے۔تاہم بابا بوٹا، نمبردار اور دوسرے کردار اس تبدیلی کے سامنے خاموش تماشائی نہیں بنتے۔ وہ اپنے گاؤں، روایتوں اور تہذیبی شناخت کو بچانے کی مزاحمت کرتے ہیں، مگرجبر کے سامنے ان کی بے بسی بھی نمایاں ہو جاتی ہے۔
ناول کا آخری منظر اس پورے بیانیے کو ایک ایسی تصویری قوت عطا کرتا ہے جو دیر تک ذہن میں رہتی ہے۔ بھینس کی موت، اس کی کھال اتارنے کا منظر اور اس کے مردار پر روسی کتوں، گدھوں اور چیلوں کا ٹوٹ پڑنا۔ یہ منظر محض دیہی زندگی کا ایک واقعہ نہیں رہتا، بلکہ پورے گاؤں کے مقدر کی تصویر بن جاتا ہے۔ آسمان پر منڈلاتے پرندے اور ان کے پروں سے پھیلتا سایہ قاری کو ایک بار پھر حاجی کھسرے کے ابتدائی جملے کی طرف لے جاتا ہے۔ اب اس استعارے کی معنویت پوری طرح کھلتی ہے۔ پرچھاواں محض آنے والی تباہی کی خبر نہیں تھا، وہ تباہی اب گاؤں کی زندگی کا حصہ بن چکی ہے۔
اکمل کے ہاں زبان محض مکالموں کا وسیلہ نہیں بلکہ تہذیبی حافظہ ہے۔ کرداروں کی گفتگو، ان کے محاورے، ان کے ردعمل اور ان کے معمولات سے ایک پورا معاشرہ تشکیل پاتا ہے۔ وہ پنجاب کو کسی رومانوی دیہی تصویر میں مقید نہیں کرتے بلکہ اس کے تضادات، کمزوریوں، مزاحمت اور ٹوٹ پھوٹ سمیت سامنے لاتے ہیں۔
پرچھاواں‘ کا ایک اور وصف یہ ہے کہ ناول نگار نے اپنے موضوع کو کسی نعرے میں تبدیل نہیں ہونے دیا۔ انھوں نے کرداروں اور واقعات کے ذریعے قاری کو خود نتیجے تک پہنچنے کا موقع دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ناول صرف ماضی کی کہانی نہیں، ان تبدیلیوں کا حساب بھی ہے جن کے اثرات آج تک ہمارے معاشرے میں موجود ہیں۔یہ ایک گاؤں کی کہانی ضرور ہے، لیکن اس کے آئینے میں پورا پنجاب، بلکہ پورا ملک اپنا بدلتا ہوا چہرہ دیکھ سکتا ہے۔
سرمد صہبائی نے جس بات کی طرف اشارہ کیا تھا، ’پرچھاواں‘ اس کی ایک عملی مثال ہے۔ کسی زبان کو زندہ اور توانا رکھنے کا کام ایسی ہی تخلیقات کرتی ہیں جو اپنے عہد کو سمجھتی، اس کے تجربات کو محفوظ کرتی اور اپنے مقامی دائرے سے نکل کر آفاقی انسانی سوالات سے جڑ جاتی ہیں۔ ڈھاہاں پرائز کا حصول بھی اسی ادبی سفر میں اس ناول کی بین الاقوامی پذیرائی کا اظہار ہے۔