• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی تاریخ میں بعض ملاقاتیں اپنے ظاہری دورانیے سے کہیں زیادہ طویل اثرات کی حامل ہوتی ہیں۔ انکی اہمیت مصافحوں، مشترکہ تصاویر یا سفارتی بیانات میں نہیں، ان فیصلوں میں پوشیدہ ہوتی ہے جو آنیوالے زمانوں کی سمت متعین کرتے ہیں۔ 19نومبر 2026ء کو چین کے شہر شین ژین میں امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ، چین کے صدر شی جن پنگ اور روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کی تاریخی ملاقات بھی اسی نوعیت کا ایک غیر معمولی واقعہ ہے۔ تین بڑی جوہری طاقتوں کے سربراہان کا ایک میز پر جمع ہونا اس حقیقت کا اعتراف ہے کہ عالمی سیاست کے پیچیدہ مسائل محاذ آرائی سے نہیں، مکالمے اور باہمی مفاہمت سے حل کیے جا سکتے ہیں۔

یہ سہ فریقی اجلاس ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (APEC) کے سربراہی اجتماع کے موقع پر شین ژین کے کائلن ولا میں منعقد ہوا۔ اپنی نوعیت کی اس پہلی باضابطہ نشست میں تینوں رہنماؤں نے تقریباً نوے منٹ تک عالمی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ اس سے قبل ٹرمپ نے پیوٹن اور شی جن پنگ سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کیں۔ تینوں ممالک اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان اور ویٹو کے اختیار کے حامل ہیں۔ عالمی معیشت، جوہری توازن، توانائی کی رسد اور بین الاقوامی سفارت کاری میں ان کی فیصلہ کن حیثیت اس اجتماع کو غیر معمولی اہمیت عطا کرتی ہے۔

تاہم اس بیٹھک کے پس منظر میں تین مختلف قومی مفادات اور متضاد ترجیحات کارفرما تھیں۔ ٹرمپ کے پیش نظر امریکی عالمی اثرورسوخ کی بحالی، چین کے ساتھ تجارتی کشیدگی میں کمی، ایران کی جنگ اور جوہری ہتھیاروں کے خطرات کا تدارک تھا۔ شی جن پنگ چین کی معاشی برتری، جدید ٹیکنالوجی تک رسائی اور ایشیا میں اپنے تزویراتی مفادات کا تحفظ چاہتے تھے۔ پیوٹن کے لیے یوکرین کی جنگ، مغربی پابندیوں سے نجات اور روس کی عالمی حیثیت کا اعتراف بنیادی اہمیت رکھتے تھے۔ بظاہر مشترکہ منزل امن تھی، مگر اس تک پہنچنے کے راستے تینوں کے لیے یکساں نہیں تھے۔چین اور امریکہ کے تعلقات میں تائیوان، تجارت اور جدید ٹیکنالوجی بنیادی تنازعات ہیں۔ بیجنگ تائیوان کو اپنا حصہ قرار دیتا ہے اور اس کی آزادی کی کوششوں کو اپنی خودمختاری کے لیے خطرہ سمجھتا ہے۔ واشنگٹن دوسری جانب تائیوان کی سلامتی اور بحرالکاہل میں اپنے اثرورسوخ کو برقرار رکھنا چاہتا ہے۔ شی جن پنگ نے ٹرمپ کے ساتھ علیحدہ ملاقات میں تائیوان کے معاملے پر امریکی طرزِ عمل میں احتیاط کی ضرورت پر زور دیا۔

مصنوعی ذہانت، سیمی کنڈکٹرز اور حساس ٹیکنالوجی کی برآمدات پر پابندیاں بھی اختلافات کی اہم وجہ ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے تعلقات کو مستحکم رکھنے کی ضرورت تسلیم کی، لیکن کسی بڑے تجارتی یا سیاسی سمجھوتے کا اعلان نہیں ہوا۔ یہ پیش رفت بتاتی ہے کہ مسکراہٹوں کے باوجود بنیادی اختلافات اپنی جگہ موجود ہیں۔روس کیلئے یوکرین کی جنگ سب سے بڑا سفارتی اور عسکری امتحان ہے۔ ماسکو جنگ کے خاتمے کے کسی بھی فارمولے میں اپنے زیرِ قبضہ علاقوں اور سلامتی سے متعلق مطالبات کو مرکزی حیثیت دینا چاہتا ہے جبکہ کیف اپنی علاقائی سالمیت اور خودمختاری پر سمجھوتے سے گریزاں ہے۔

پیوٹن نے اجلاس کے دوران یوکرین کے تنازع کا حوالہ دیا اور بعد ازاں بھی اس موضوع پر گفتگو کی تصدیق کی۔ کریملن کے معاون یوری اوشاکوف کے مطابق یہ معاملہ زیرِ بحث آیا، مگر مشترکہ اعلامیے میں اس کا ذکر تک نہیں۔ اس خاموشی سے اندازہ ہوتا ہے کہ فریقین کے درمیان مکالمے کی گنجائش تو موجود ہےمگر قابلِ قبول حل ابھی دور ہے۔

اس اجلاس کا چار نکاتی مشترکہ اعلامیہ بظاہر اس کی سب سے اہم دستاویزی پیش رفت ہے۔ تینوں ممالک نے اقوام متحدہ میں اصلاحات، صاف شدہ پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار اور فراہمی میں اضافے، ریاستی عہدیداروں کے قانونی استثنا کے احترام اور جوہری خطرات میں کمی کے لیے مذاکرات پر اتفاق کیا۔ اعلامیے میں یہ اصول بھی دہرایا گیا کہ جوہری جنگ نہ جیتی جا سکتی ہے اور نہ لڑی جانی چاہیے۔ یہ الفاظ اپنی معنویت رکھتے ہیں، لیکن ان کے ساتھ کوئی واضح مدت، عملی طریقۂ کار یا قابلِ پیمائش ہدف منسلک نہیں کیا گیا۔ عالمی برادری کو اب اعلانات سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کا انتظار رہے گا۔جوہری معاملے کی حساسیت اس لیے بھی بڑھ گئی ہے کہ امریکہ اور روس کے درمیان اسلحے کی تحدید کا آخری بڑا معاہدہ نیو اسٹارٹ فروری 2026ء میں اپنی مدت پوری کر چکا ہے۔ ٹرمپ چاہتے ہیں کہ مستقبل کے کسی نئے انتظام میں چین بھی شریک ہو، مگر بیجنگ اپنے جوہری ذخیرے اور امریکہ و روس کے بڑے اسلحہ جاتی حجم کے فرق کو پیش نظر رکھتے ہوئے یکساں پابندیوں پر آمادہ نہیں۔ چنانچہ تینوں طاقتوں کا خطرات کم کرنے کے لیے مذاکرات کا وعدہ خوش آئند ضرور ہےلیکن اس وعدے کو مؤثر معاہدے میں ڈھالنا آسان نہیں ہوگا۔

مشرقِ وسطیٰ کی صورت حال بھی اس ملاقات کا ایک اہم پس منظر تھی۔ ایران کے ساتھ جنگ اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کو لاحق خطرات نے عالمی توانائی کی منڈیوں میں بے یقینی پیدا کر رکھی ہے۔ یہ گزرگاہ دنیا کی تیل کی ترسیل کیلئے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔یہاں معمولی تعطل بھی عالمی قیمتوں، تجارت اور ترقی پذیر معیشتوں کو متاثر کر سکتا ہے۔ ٹرمپ نے ایران کے معاملے پر گفتگو کی۔تاہم مشترکہ اعلامیے میں جنگ یا جنگ بندی کا کوئی ذکر شامل نہیں کیا گیا۔

تازہ ترین