• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر بلدیات سندھ کی حلف اٹھانیوالے مئیرز و چیئرمین کو مبارکباد

Jam Khan Shoro Congratulates Mayors And Chairman Taking Oath
وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے صوبے بھر میں اپنے عہدوں کا حلف لینے والے مئیرز، ڈپٹی مئیرز، چیئرمین اور وائس چیئرمین کو مبارکباد پیش کی ہے۔

ایک بیان میں صوبائی وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ سندھ حکومت اور محکمہ بلدیات سندھ ان منتخب نمائندوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہے گی،پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھنے والی جماعت ہے اور اس ملک میں جمہوریت کے استحکام کے لئے جتنی قربانیاں ہمارے قائدین نے دی ہیں اس کی مثال نہیں ملتی۔

جام خان شورو کہتے ہیں کہ ہم منتخب نمائندوں کو قانون کے مطابق تمام اختیارت کی فوری منتقلی پر یقین رکھتے ہیں اور انشاء اللہ پاکستان پیپلز پارٹی صوبے بھر میں عوامی ووٹوں سے منتخب ہونے والے نمائندوں کو مکمل سپورٹ فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے، جس نے سب سے پہلے سندھ اسمبلی میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے قانون سازی کی لیکن افسوس کہ چند سیاسی جماعتوں کی جانب سے اس پر عدالتوں میں جانے کے باعث انتخابات اور بعد ازاں میئرز، ڈپٹی مئیر اور چیئرمین و وائس چیئرمین کے انتخابات التواء کا شکار ہوئے۔

جام خان شورو نے کہا کہ آج کا دن پاکستان اور خصوصاً صوبہ سندھ کی تاریخ کا اہم دن ہے، جب جمہوریت کا ایک اور باب رقم ہوا اور بلدیاتی نمائندوں کو نچلی سطح تک اختیارات منتقل کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹواور محترمہ بینظیر بھٹو نے اس ملک میں جمہوریت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا تو ہمارے شریک چیئرمین محترم آصف علی زرداری نے سالہا سال قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں اور پھر بھی انہوں نے ’پاکستان کھپے‘ کا نعرہ لگا کر یہ بات ثابت کردی کہ پاکستان سب سے پہلے ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایات پر صوبے بھر میں بلدیاتی انتخابات کے پرامن انعقاد کے بعد اب تمام منتخب نمائندوں کی حلد برداری کا مرحلہ بھی مکمل کرلیا گیا ہے اور انشاء اللہ تمام منتخب نمائندے صوبے میں اپنے اپنے ڈسٹرکٹ میں عوامی مسائل کے حل میں کوشاں رہیں گے اور اس سلسلے میں سندھ حکومت اور محکمہ بلدیات ان کے ساتھ شانہ بشانہ ہراول دستے کا کردار ادا کرتا رہے گا۔
تازہ ترین