• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم کیو ایم اراکین کا چالان 14روز میں داخل کرنے کی ہدایت

Mqm Member Challan Directed Enter In 14 Day
انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت نے بغاوت، دہشت گردی اور میڈیا ہاؤس پر حملے کے کیس میں گرفتار ایم کیو ایم ارکان کے چالان 14روز میں داخل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ملزمان کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔

اس موقع پر ایم کیو ایم کے رہنما کنور نوید نے ایم کیو ایم لندن سے لاتعلقی کا اعلان اور فاروق ستار کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ۔

ایم کیو ایم کے رہنما قمر منصور، کنور نوید اور شاہد پاشا سمیت 44 کارکنوںکو انسداد دہشت گردی کی عدالت کے منتظمجج کے روبرو پیش کیا گیا ۔

عدالت میں ایم کیو ایم رہنما قمر منصور نے استدعا کی کہ میں بیمار ہوں اور مجھے زمین پر بٹھایا جارہا جبکہ عدالتی حکم کے باوجود اسپتال بھی نہیں لے جایا گیا لہٰذا جیل حکام کو ہدایت کی جائے جس پر عدالت کا کہناتھا کہ پہلے تحریری درخواست دیں پھر حکم جاری کیا جائے گا۔

عدالت کے روبرو تفتیشی افسر نے موقف اختیار کیا کہ گرفتار کئے گئے ملزمان کے قبضے سے 6 ڈنڈے اور 2 راڈز برآمد ہوئے ہیں جس پر عدالت نے تفتیشی افسر کو 14 روز میں چالان پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایم کیوایم رہنماؤں اور کارکنوں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

منتظم عدالت نے مقدمے کی تفتیش ایس ایس پی انوسٹی گیشن جنوبی عدیل حسین چانڈیو کے سپر د کردی۔

عدالت میں پیشی کے بعد پولیس موبائل میں جیل جاتے ہوئے کنور نوید نے صحافی کے اس سوال پر کہ آپ لندن سیکریٹریٹ کے ساتھ ہیں یا پاکستان کے ساتھ ؟ انہوں نے جواب دیا کہ ہم فاروق ستار بھائی اور پاکستان کے ساتھ ہیں۔ہم ایم کیو ایم اور پاکستان کو مضبوط کریں گے ، ایم کیوایم لندن سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہیں۔

عدالتی احاطے میں ملزمان کے اہل خانہ بھی بڑی تعداد میں موجود تھے ملزمان کو جیل منتقل کیا گیا تو خواتین زاروقطار رو پڑیں خواتین نے وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ سندھ سے اپیل کی کہ جو ملزمان بے گناہ ہیں انہیں رہا کیا جائے۔
تازہ ترین