• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیوس کپ ٹینس ایشیا اوشیانا گروپ،پاکستان کو پلے آف میں کیویز سے بدترین شکست

کراچی (اسٹاف رپورٹر/ نیوز ڈیسک) نیوزی لینڈ نے ڈیوس کپ ایشیا اوشیانا گروپ ٹو پلے آف ٹو رائونڈ پاکستان کو 5-0 کی بدترین شکست دیدی۔ تین روزہ ٹائی کے آخری روز بھی پاکستانی کھلاڑی قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکے اور سنگلز، ڈبلز اور ریوس سنگلز کے پانچوں مقابلوں میں شکست کھا گئے۔ امریکا سے درآمد کئے جانے والے سامر افتخار اور عابد علی اکبر نے تو مایوس کیا لیکن ڈیوس کپ مقابلوں کا وسیع تجربہ رکھنے والے ٹاپ پاکستانی اسٹار عقیل خان بھی شکست کے خوف سے سنگلز اور ریوس سنگلز میں شرکت نہ کرسکے۔ کرائسٹ چرچ کے زیڈ انرجی ویڈنگ پارک ٹینس سینٹر میں ڈیوس کپ مقابلے کے تیسرے روز اتوار کو پاکستان کے نیوزی لینڈ کے فن ٹیرنے نے 6-1 اور 6-3 سے جبکہ دوسرے ریورس سنگلز میں نیوزی لینڈ کے جوزے اسٹاٹ ہام نے 6-4 اور 6-1 سے شکست دی۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان عقیل خان جنہیں ڈیوس کپ کے میچز کھیلنے کا پاکستان میں سب سے زیادہ تجربہ تھا شکست کے خوف سے سنگلز اور ریورس سنگلز میں بجائے خود کھیلنے کے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع فراہم کیا۔ ناتجربہ کاری کے باعث دونوں کھلاڑی چار میچوں میں سے کوئی نہ جیت سکے جبکہ ڈبلز کے واحد میں عقیل خان نے محمد عابد علی اکبر کے ہمراہ شرکت کی اور اس میں بھی شکست کا مزہ چکھا۔ نیوزی لینڈ نے کامیابی کے ساتھ ڈیوس کپ ایشیا اوشیانا گروپ ٹو پلے آف ٹو رائونڈ کے فائنل میں جگہ بنائی جبکہ پاکستان 5-0 کی بدترین شکست کے بعد ریلی گیشن کے بعد گروپ ٹو میں پہنچ گیا۔  دریں اثنا رافیل نڈال نے شاندار کارکردگی نے اسپین کا ایک بار پھر ڈیوس کپ ٹینس کے ورلڈ گروپ میں پہنچادیا۔ سابق عالمی نمبر نڈال اور مارک لوپیز کی جوڑی نے لینڈر پیس اور ساکیت مانینی  پر مشتمل بھارتی جوڑی کو پلے آف میں 4-6، 7-6، 6-4، 6-4  سے زیر کرکے ناقابل تسخیر برتری لے کر ہوم ٹیم کی تمام امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ ڈیوس کپ میں پہلی بار جوڑی دار کے طور پر کھیل رہے پیس اور ساکیت نے ہسپانوی جوڑی کا تین گھنٹے 23منٹ تک مقابلہ کیا ۔ اسپین کی اولمپک چیمپئن جوڑی ایک وقت پہلا سیٹ گنوانے کے بعد دوسرے میں بھی 4-5سے پیچھے تھی لیکن اس کے بعد واپسی کرتے ہوئے جیت درج کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 3-0 کی برتری دلانے میں کامیاب رہی۔ نڈال اور لوپیز کی جوڑی نے ریو اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔ اس کے بعد چوتھے سنگلز  مارک لوپیز نے سمیت نگل کو زیر کرکے اسپین کی برتری 0-4 کردی ۔   فتح کے بعد اسپین دو سال سے زیادہ عرصے کے بعد ایک بار پھر ورلڈ گروپ میں داخل ہو جائے گا جبکہ بھارت ایشیا اوشیانا زون میں ہی رہے گا۔ میچ کے بعد14بار کے گرینڈ سلم چیمپئن نڈال نے کہا کہ بھارت کے بڑے کھلاڑی لینڈر پیس جوڑے کے سب سے بڑے ستاروں میں سے ایک ہونے کے علاوہ ٹینس کے تاریخ کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ یہ سخت میچ تھا۔ میزبان کھلاڑی بہت اچھا کھیلے لیکن ہمیں خوشی ہے کہ ہم نے جیت حاصل کی ۔ ہمارے اتنے سارے کھلاڑی عالمی درجہ بندی کے مطابق ٹاپ 100 پلیئرز میں شامل ہیں، اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں ورلڈ گروپ میں ہی ہونا چاہیے تھا۔ دریں اثنا ورلڈ گروپ سیمی  فائنل میں کروشیا نے فرانس کے خلاف 1-3 کی فیصلہ کن برتری لے کر فائنل میں جگہ بنالی۔ ورلڈ کپ کے دیگر پلے آف میچز میں سوئٹزرلینڈ نے تاشقند میں ازبکستان کو 2-3 سے، برلن میں جرمنی نے پولینڈ کو 2-3 سے اور اوساکا میں جاپان نے یوکرین کو 0-5 سے مات دیدی۔ بیلجئم کو برازیل کے خلاف 0-4، روس کو قازقستان پر 1-3 ، کینیڈا کو چلی پر 0-3اور آسٹریلیا کو سلواکیہ کیخلاف 0-3 کی فیصلہ سبقت حاصل تھی۔ 
تازہ ترین