• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

23 اگست کے اقدام کا مقصد مہاجر قوم اور جدوجہد کو بچانا تھا‘فاروق ستار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے پی آئی بی میں واقع عارضی مرکز پر ایم کیو ایم ایلڈرز ونگ کا جنرل ورکرز اجلاس منعقد کیا گیا۔ جس میں ایم کیو ایم (پاکستان) کے سربراہ ڈاکٹر محمد فاروق ستار، اراکین رابطہ کمیٹی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، جاوید کاظمی، عارف خان ایڈوکیٹ، عادل خان، عبدالقادر خانزادہ، رضوان بابر، مطیع الرحمان، زاہد منصوری، اسلم آفریدی، اقبال مقدم و دیگر، ایم کیو ایم ایلڈرز ونگ کے انچارج طیب و اراکین مرکزی کمیٹی سمیت بڑی تعداد میں بزرگ کارکنان و خواتین نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہا کہ ماضی میں بھی جب کبھی تحریک پر کٹھن اور کڑا وقت آیا تو ایلڈرز ونگ اور شعبہ خواتین نے آگے بڑھ کر تحریک کو سنبھالا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے جو پوری دنیا میں مہاجر قوم کو ذلیل، رسوا اور ملک دشمن ثابت کرنے کی کوشش کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نہ ہی پاکستان بنانے والوں کی اولادوں کو رسوا ہونے دیں گے اور نہ ہی یہ الزام لگانے دیں گے کہ ہم نے ماضی میں کبھی یا اب ملک توڑنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ  لندن کے ساتھی ایم این ایز، ایم پی ایز اور سینیٹرز کو استعفیٰ دینے کا کہہ رہے ہیں تو کیا بلدیاتی نمائندوں کو بھی استعفیٰ دیدینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بلدیاتی ادارے مکمل ہی نہیں ہوتے اگر ہم 23 اگست کا اقدام نہ کرتے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم بڑے امتحان میں کامیاب ہوگئے تو یہ ثابت ہوگیا کہ 23 اگست کا ہمارا اقدام بالکل درست تھا۔ انہوں نے کہا کہ 23 اگست کے اقدام کا مقصد مہاجر قوم اور ہماری 38 سالہ جدوجہد کو بچانا تھا۔ انہوںنے کہا کہ کراچی وفاق کو 60 فیصد ریوینیو کما کر دیتا ہے جس کے بدلے میں کراچی کو محض 2 فیصد ٹکا دیا جاتا ہے حالانکہ کراچی کی آبادی کے تناسب سے کراچی کو ریونیو میں سے کم از کم 15 فیصد دینا چاہئے۔ رکن رابطہ کمیٹی ایم کیو ایم (پاکستان) عارف خان ایڈوکیٹ نے کہا کہ موجودہ صورتحال ماضی سے یکسر مختلف ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اس اجلاس میں آپ بزرگوں کی اتنی بڑی تعداد کی موجودگی اس بات کی غمازی کررہی ہے کہ آپ حالات کی نزاکت سے باخوبی واقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہاجروں نے ہی پاکستان بنایا تھا اور اگر کبھی پاکستان پر برا وقت آیا تو مہاجر ہی پاکستان کو بچائیں گے۔
تازہ ترین