• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کرو، سندھ اسمبلی میں بھارت کیخلاف مذمتی قرارداد منظور

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی نے پیر کو ایک قرارداد اتفاق رائے سے منظور کرلی ،جس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ۔قرارداد میں اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے کہا گیا ہے کہ وہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے جائز حق کی حمایت کرے ۔قرارداد پر اظہار خیال کرتے ہوئے اراکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم مودی خوش فہمی میں نہ رہیں، پاکستانی قوم متحد ہے، جارحیت کی تو بھرپور جواب ملے گا۔ قراراداد پیپلزپارٹی کے ارکان شرمیلا فاروقی ،خیر النساء مغل اور سید ناصر حسین شاہ ،مسلم لیگ (فنکشنل) کی رکن نصرت سحر عباسی ،ایم کیو ایم کے سید سردار احمد اور تحریک انصاف کی رکن ڈاکٹرسیما ضیاء نے پیش کی۔ قراراداد میں کہا گیا کہ ʼ یہ ایوان مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی افواج کی طرف سے ظلم ،بربریت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی سختی سے مذمت کرتا ہے ۔گزشتہ 2ماہ کے دوران 100سے زیادہ کشمیریوں کو بے دردی سے قتل کردیا گیا ہے ۔شاٹ گن پیلٹ کے ذریعہ بچوں،خواتین،نوجوانوں اور بزرگوں کو بینائی سے محروم کردیا گیا ہے ۔بھارت کی بربری افواج نے بڑی تعداد میں شہریوں کو زخمی کیا ہے ۔یہ ایوان نوجوان حریت پسند رہنما برہان وانی اور ہزاروں دیگر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے ،جنہوںنے کشمیری کاز کیلئے بہادری سے اپنی جانیں قربان کردیں۔ ہم ان ماؤں،بیویوں اور بچوں کو عزم و حوصلے کو سلام کرتے ہیں ،جو اپنی آزادی کے لیے بھارتی افواج کی بربریت کے آگے ثابت قدم کھڑے ہیں ۔یہ ایوان اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے کہتا ہے کہ وہ کشمیریوں کے خودارادیت کے جائز حق کی حمایت کرے ۔یہ ایوان بھارت سے کہتا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی قرارداداوں کی پاسداری کرے،مقبوضہ کشمیر میں تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرے اور وادی میں بربریت ،ظلم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے ۔قرارداد پر محرکین کے علاوہ پیپلزپارٹی کے سید سردار علی شاہ ،شمیم ممتاز، تیمور تالپور اور امداد پتافی ،مسلم لیگ (ن) کی سورٹھ تھیبو اور ایم کیو ایم کے قمر رضوی نے بھی خطاب کیا۔ انہوںنے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کو آزادی ملنی چاہیے۔ بھارتی وزیراعظم کسی غلط فہمی میں نہ رہیں ۔پاکستانی قوم متحد ہے ،وہ بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
تازہ ترین