• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی جی سندھ کی اے وی ایل سی کو سندھ اسمارٹ سرویلنس سسٹم سے منسلک کرنے کی ہدایت

فائل فوٹو
فائل فوٹو

آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے ہدایت کی ہے کہ پولیس اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کو سندھ اسمارٹ سرویلنس سسٹم سے منسلک کیا جائے۔

آئی جی سندھ نے امن و امان سے متعلق اجلاس کی صدارت کی، جس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی، زونل ڈی آئی جیز، ڈی آئی جی سی آئی اے، ایس ایس پیز اور دیگر افسران شریک ہوئے۔

غلام نبی میمن نے کہا کہ امن و امان ہماری اولین ترجیح ہے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ چوری شدہ گاڑیاں اور سامان خریدنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔

غلام نبی میمن نے مزید کہا کہ پولیس کے اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کو سندھ اسمارٹ سرویلنس سسٹم سے منسلک کیا جائے۔

اُن کا کہنا تھا کہ کسی بھی واردات کی صورت میں ایف آئی آر کا فوری اندراج بھی یقینی بنایا جائے۔

آئی جی سندھ نے یہ بھی کہا کہ تمام افسران کسی بھی واردات کی صورت میں فوری طور پر مقدمات قائم کریں۔

انہوں نے کہا کہ تمام ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز حاصل کریں اور تفتیش کو مضبوط و موثر بنانے کے لیے کردار ادا کریں، تمام افسران جرم کی وجوہات کا بھی جائزہ لیں۔

اجلاس میں ڈی آئی جی سی آئی اے اور دیگر افسران نے جرائم و امن وامان کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ بھی دی، جس پر آئی جی سندھ نے ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔

قومی خبریں سے مزید