• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2016ءکا سی آر ٹی آئی چیمپئن ایوارڈ جیو نیوز کے رپورٹرنے حاصل کرلیا

اسلام آباد(بیورو رپورٹ)کولیشن آف رائٹ ٹو انفارمیشن (سی آرٹی آئی) نے سی آر ٹی آئی چیمپئن 2016ایوارڈ جیو ٹی وی کے رپورٹر اعزاز سید کو دیا ہے انہیں یہ ایوارڈ وفاقی اور صوبائی سطح پر آر ٹی آئی قانون کے ذریعے معلومات حاصل کرنے پر دیا گیا ہےجبکہ شہری کیٹیگری میں یہ ایوارڈ سرمد علی نے جیتا ہے۔سی آر ٹی آئی نے سینٹر فور پیس اینڈ ڈیولپمنٹ انیشیٹو کے اشتراک سے ہر سال دو افراد کو یہ ایوارڈ دینے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔اس ایوارڈ کی دو کیٹیگریاں بنائی گئی تھیں، جن میں سے ایک ایوارڈ ایسے صحافی کو دیا جانا تھا جس نے سب سے زیادہ آر ٹی آئی گزارشات فائل کی تھیں، جب کہ دوسرا ایوارڈ غیر صحافی کو دیا جانا تھا۔صحافی کی کیٹیگری میں اس سال اعزاز سید کو فاتح قرار دیا گیا جب کہ سرمد علی نے شہری کی کیٹیگری میں یہ ایوارڈ حاصل کیا۔اعزاز سید ٹی وی کے پہلے صحافی ہیں جنہیں آر ٹی آئی قانون پر عمل کرنے اور اپنے ولولہ انگیز طریقے سے سرکاری دستاویزات کی بنیاد پر اسٹوریز نکالنے پر یہ ایوارڈ دیاگیا۔انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے حوالے سے 2سو سے ذائد گزاشات فائل کی تھیں۔ جب کہ سرمد ایک پیشہ ور وکیل ہیں انہوں نے متعدد آرٹی آئی گزارشات مختلف تعلیمی اداروں میں جمع کروائی تھیں۔ایوارڈ دینے کی تقریب نیشنل پریس کلب میں منعقد کی گئی جس کی صدارت وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کی، جب کہ سینیٹر فرحت اللہ بابر بھی تقریب میں شریک تھے۔رواں سال ایوارڈ کمیٹی جن ارکان پر مشتمل تھی ان میں سوسائٹی فور ہیومن رائٹس اینڈ پرزنرز ایڈ(شارپ) کے رکن سید لیاقت بنوری، نیٹ ورک فور کنزیومر پروٹیکشن ان پاکستان(این سی پی پی) کے ندیم اقبال، پنجاب لوک سجاگ(پی ایل ایس) کے توقیر مصطفیٰ، سینٹر فور گورننس اینڈ پبلک اکائونٹیبلٹی(سی جی پی اے) کے محمد انور اور اوپن سوسائٹی فائونڈیشن پاکستان(او ایس ایف پی) کی نتالیہ طارق شامل تھیں جنہوں نے اتفاق رائے سے صحافی کیٹیگری میں اعزاز سید جب کہ شہری کیٹیگری میں سرمد علی کو ایوارڈ کا حقدار ٹھہرایا۔
تازہ ترین