لاہور( جنرل رپورٹر )ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہبازنے ہدایت کی ہے کہ محرم الحرام کے دوران انتظامیہ اور پولیس سمیت تمام ادارے بہترین انتظامات کو یقینی بنائیں ،جلوس کے شرکاء کو فول پروف سکیورٹی اور ہر ممکن سہولت بہم پہنچائی جائے، حمزہ شہبازنے کہا کہ سرحدوں پر کشیدگی کے باعث امن دشمن عناصر پر کڑی نگاہ رکھی جائے اورجلوسوں کے شرکاء کی سخت تلاشی اور نگرانی یقینی بنائی جائے اسی طرح 10محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے روٹ کے لئے تمام محکمے بھرپو رتعاون کریں- یہاں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے حمزہ شہبازنے کہاکہ حکومت 10محرم الحرام تک بالخصوص شام کے اوقات میں کم سے کم لوڈشیڈنگ کا جائزہ لے گی- اسی طرح بلدیاتی چیئرمین، وائس چیئرمین اورکونسلز حضرات بھی اپنے اپنے علاقوں میں 10محرم الحرام کے جلوسوں کے لئے مکمل تعاون کریں گے-اجلاس میں ڈی سی او لاہور ، سی سی پی او ، ڈی آئی جی آپریشنز اور چیف ٹریفک آفیسر نے عاشورہ کے انتظامات کے حو الے سے بریفنگ دیتے ہوئے یقین دلایا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق اس سال بھی عاشورہ بخیر و بخوبی گزرے گا-آغاشاہ حسین، خواجہ بشارت حسین ،خواجہ میثم عباس، توقیر بابا، علامہ مشتاق حسین جعفری اور حافظ قاسم رضا نقوی نے پنجاب حکومت بالخصوص لاہو ر کی ضلعی انتظامیہ و پولیس کی طرف سے کئے جانے والے تعاون کو سراہا ۔