لاہور(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیر اعظم چوہدری پرویزالٰہی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی سخت ترین الفاظ میں مذمت اور کشمیریوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مارشل قوم ہیں، نریندر مودی ہمارے 20کروڑ عوام سے اس کے حکمرانوں جیسے نرم رویہ اور مصلحت پسندانہ ردعمل کی توقع نہ رکھے، وہ جارحیت کو کسی صورت میں برداشت کرنے کو تیار نہیں اور پاکستان دشمن کسی بھی اقدام کا منہ توڑ جواب دیں گے، ہمارا دریائی پانی بند کرنے کی باتیں کرنے والے یہ نہ بھولیں کہ پاکستانی قوم ان کی سانسیں بند کر دے گی۔ انہوں نے اس امر کا اظہار یہاں چوہدری شجاعت حسین کی زیرصدارت پارٹی کے اعلیٰ سطح مشاورتی اجلاس میں کیا، جس میں پارٹی کی تنظیم نو، پارٹی انتخابات، سیاسی صورتحال اور بھارتی جارحانہ رویہ پر تفصیلی غور و خوص کیا گیا۔