ٹوکیو(عرفان صدیقی،نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر برائے پلاننگ و ڈیولپمنٹ اور سینئر لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ بھارت کے سرجیکل اسٹرائیک کا جھوٹ پوری دنیا میں کھل چکا ، تحریک انصاف حکومتی مخالفت میں ملکی مفادات کے خلاف اقدامات سے گریز کرے ، احسن اقبال نے کہا کہ چین کے سفیر کو سیاست میں گھسیٹنا سفارتی آداب اور ملکی مفادات کے خلاف سنگین اقدام ہے ، احسن اقبال نے کہا کہ وہ تحریک انصاف کے سی پیک منصوبے پر موجود ہر اعتراض کو دور کریں گے یہی حکومتی پالیسی بھی ہے تاہم صرف ایک ماہ قبل کے پی کے کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک سمیت چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ کو سی پیک منصوبے پر مکمل بریفنگ دی گئی تھی جس پر کسی کو بھی کوئی اعتراض نہ تھا لیکن اچانک وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی جانب سے منصوبے پر اعتراض اور چین کے سفیر کو بھی سیاست میں گھسیٹنا انتہائی قابل افسو س عمل ہے ، وہ اس سلسلے میں عنقریب چینی سفیر سے بھی ملاقات کریں گے ، اپنے دورہ جاپان کے موقع پر روزنامہ جنگ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ اپنے دورہ جاپان میں جہاں وہ عالمی مارکیٹنگ کانفرنس میں لیچکر دیں گے وہیں جاپان کے نجی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے رضامند کرنے کی کوشش بھی کریں گے ۔