• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام صحابہ کرامؓ پیکر صداقت اور ہدایت کا سرچشمہ ہیں، پیر حبیب الرحمٰن محبوبی

بریڈ فورڈ (محمد رجاسب مغل) حیات العلوم الجامعہ صفۃ الاسلام میں شہید کربلا حضرت امام حسینؓ، امیر المومنین سیدنا عمر بن خطابؓ اور امیر المومنین سیدنا عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی یاد میں ہونے والی عظیم الشان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فضلیت الشیخ پیر محمد حبیب الرحمٰن محبوبی نے کہا کہ تمام صحابہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ پیکر صداقت و وفا، ہدایت کا سر چشمہ اور ظلمتوں کے اندھیرے میں روشنی کا وہ مینار ہیں جس سے نہ صرف سارا جہاں ہدایت پاتا ہے بلکہ قیامت تک آنے والی نسلوں کے لئے پیکر رشد و ہدایت ہیں۔ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے میدان کربلا میں اسلام کی بقا اور سربلندی کے لئے عظیم قربانی دے کر اسلام کے پرچم کو سرنگوں نہیں ہونے دیا، حضرت امام حسینؓ کی قربانی ہمیں صبر، استقامت، برداشت اور باطل کے خلاف کھڑے ہونے کا درس دیتی ہے اور رہتی دنیا تک عالم اسلام کے لئے مشعل راہ رہے گی۔ حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا دور اسلامی تاریخ کا درخشندہ اور بے مثال باب ہے دنیا کے تمام مذاہب کے حکمران آپؓ کے طرز زندگی، دستور ملکت پر آج تک رطب اللسان ہیں اور مشعل راہ سمجھتے ہیں۔ پیر محمد حبیب الرحمٰن محبوبی نے حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ کی زندگی پر بات کرتے ہوے کہا حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو اللہ تعالیٰ نے عظیم صفات سے متصف فرما کر تمام صحابہؓ میں ممتاز فرمایا آپ شرم و حیا کے ایسے پیکر تھے کہ فرشتے بھی آپ سے حیا کرتے تھے۔ حضور پاک صاحب لولاکؐ نے حضرت عثمان کے ہاتھ کو اپنا ہاتھ قرار دیتے ہوئے حدیبیہ کے مقام پر بیعت لی آپؐ نے حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو عشر و مبشرہ میں دنیا میں ہی جنت کی بشارت دی۔ پیر سید شعیب حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ اور شہدائے کربلا کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی عظیم قربانی اخوت، اتحاد، یکجہتی اور ایثار قربانی کا درس دیتی ہے اسلام دشمن اور باطل قوتوں کے خلاف متحد ہونے کا پیغام دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور کے یزیدوں کو پہچاننے کی ضرورت ہے، معاشرے میں دہشت گردی پھیلانے والے عناصر کو بے نقاب کرنا ہوگا۔ پیر سید ریاض حسین شاہ نے کہا کہ تمام صحابہ کرام کی برات قرآن کریم نے بیان کی ہمیں اپنی تعلیمات کو قرآن و سنت کے مطابق رکھنا ہوگا۔ مولانا نوید سیالوی نے کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے دنیا کی تمام آسائشیں چھوڑ کر قربانی پیش کرکے صبر رضا کی نہ صرف عظیم مثال قائم کی بلکہ صبح قیامت طلوع ہونے تک آئندہ آنے والی نسلوں کی بقا کے لئے قربانی کا درس دیا۔ تقریب سے مولانا سجاد رومی کے خطاب کے علاوہ مولانا طارق محمود، مولانا ثاقب سجاد، مولانا محمد سعید، مولانا اسامہ شاہ، مولانا محمد علی، مفتی غلام سرور نقشبندی، قاری محمد دین، مولانا صدیق الکوثر اور دیگر نے نعت شریف کے نذرانے پیش کئے، آخر میں پیر سید شعیب حسین شاہ نے امت مسلمہ کے لئے خصوصی دعا کی۔
تازہ ترین