ایبٹ آباد(نمائندہ خصوصی ) باڑیاں تاباڑہ گلی میں مری روڈ کے اطراف میں کیبن لگانے والے غریب محنت کشوں نے بدھ کے روز نتھیاگلی بازار میں احتجاجی مظاہرہ کیامظاہرین نے جی ڈی اے، محکمہ جنگلات اور صوبائی حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی‘ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران غریب محنت کشوں ناہیدعباسی، امتیازعباسی، سردار عمر، سردار نصیر، سردار فیصل، سردار پرویز، سردار سلیم، سردار وزیر، جاوید تاج، عبدالغفار، عمران، راشد، پرویزولد دادن اور دیگر نے بتایاکہ دوسال قبل وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے نتھیاگلی میں پریس کانفرنس کے دوران مری روڈ پر قائم کیبنوں کی منظوری دینے کا اعلان کیاتھا جس کے بعد ہم لوگوں نے جی ڈی اے سے نقشے منظور کروائے‘ کیبنوں کی تعمیر اورمنظوری کا کام ایف ایچ اے، جی ڈی اے اور محکمہ جنگلات کے افسران کی موجودگی میں مکمل کیاگیا۔ متاثرہ افراد نے بتایاکہ ڈی ایف او گلیات نے باڑہ گلی تا باڑیاں مری روڈ پر 65کیبن مالکان کو دس روز کے اندر ازخودکیبن ختم کرنے کا نوٹس جاری کیاہے انہوں نے وزیراعلیٰ پرویز خٹک، پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان، کمشنر ہزارہ اور محکمہ جنگلات کے کنزرویٹر سے اپیل ہے کہ غریبوں پر رحم کیاجائے۔