لندن (جنگ نیوز)پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نےکہا ہےکہ دھرنے کے مقاصد کا علم ہے نہ آج کے دن تک دعوت ملی تاہم ہماری سیاسی حمایت تحریک انصاف کے ساتھ ہے۔میرے ہر سفر پر نئے وارنٹ جاری ہو جاتے ہیں۔ فرنٹ فٹ پر ہوں ،بیک پر جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ان ہائوس تبدیلی سے کچھ نہیں ہو گا، پورا نظام بدلنا ہو گا۔ گزشتہ روز ہیتھرو ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہ ملک میں جمہوریت نہیں بادشاہت ہے اور مافیا قابض ہے۔ پارلیمنٹ اندھی ،گونگی اور بہری ہے جسے ماڈل ٹائون کی قتل و غارت گری دکھائی دیتی ہے نہ پاناما کی کرپشن۔ مرتے دم تک قصاص سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ جانتے ہیں موجودہ حکمرانوں کے ہوتے انصاف نہیں ملے گا تاہم انصاف کیلئے جدوجہد جاری رہے گی۔ میرا حالیہ سفر سانحہ ماڈل ٹائون کو انسانی حقوق کے عالمی فورمز پر اٹھانے اور انصاف کے لیے ہے۔لا فرم سے بریفنگ لوں گا۔ کیس آخری مرحلے میں ہے۔ انصاف کی جدوجہد میں میری جان بھی چلی جائے تو پھر بھی میں ہی سرخرو ہوں گا ۔