عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ہم ’را ‘ کے خلاف اور فوج کے ساتھ ہیں،نیشنل سیکیورٹی کو بیچا گیا،ساری ذمے داری سپریم کورٹ پر آگئی ہے، کل کارکنوں سمیت بنی گالہ پہنچوں گا ۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ راستے بند کردیئےگئےہیں، میں بھی کسی سےلفٹ لےکر سپریم کورٹ پہنچا ہوں، حکومت چاہتی ہےپانامالیکس سےمتعلق کمیٹی میں صرف بیوروکریٹس اورپولیس ہو۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان 28اکتوبر کو لال حویلی نہیں آئے لیکن تحریک کے دوران گلے شکوے نہیں کئے جاتے، میں عمران خان کے ساتھ ہوں، پی ٹی آئی کا معاملہ پی ٹی آئی والے جانیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ پرویز خٹک کے پرامن جلوس پر تشدد کیا گیا، حکومت نے جس فرعونیت کا مظاہرہ کیا اس کی مثال نہیں ملتی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے جو کیا ٹھیک کیا، انہیں سلام پیش کرتاہوں۔