پشاور(جنرل رپورٹر) پشاور کےتین ٹائونز میں تعینات سب ڈویژنل ایجوکیشن آفیسرز (ایس ڈی ای اوز)تاحال دفاتر اور دیگر سہولیات سے محروم ہیں، ڈائریکٹر ایجوکیشن نے مشکلات جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرادی۔ محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کی جانب سےکچھ عرصہ قبل پشاور میں چار ایس ڈی ای اوزتعینات کئے گئے جن میں ٹائون ون کے ایس ڈی ای او کو ایڈجسٹ کیا گیا تاہم دیگر تین ایس ڈی ای اوز تاحال دفاتر اور سہولیات سے محروم ہیں، ٹائون کی سطح پر ایس ڈی ای اوکی تعیناتی کا مقصد انتظامی امور جلد نمٹانے کیساتھ اساتذہ کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا تھا تاہم ان ایس ڈی ای اوز کوآفس دئیے گئے ہیں نہ ہی ان کے پاس عملہ ‘ فنڈزاور ٹرانسپورٹ کی سہولت موجود ہے جس کی وجہ سےوہ سخت بے چینی اور عدم تحفظ کا شکار ہیں اور مجبورا اساتذہ کو متعلقہ ایس ڈی ای اوزسے موبائل پر رابطہ کرنا پڑتا ہے۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹر ایلیمینٹری اینڈ سکینڈری ایجوکیشن رفیق خٹک نے جنگ کو بتایا کہ تعلیم کے شعبے میں بڑی تبدیلی آئی ہے، نہ صرف اساتذہ کی تعداد میں اضافہ کیا گیا بلکہ محکمہ میں انتظامی پوسٹوں پر بھی تقرریاں کی گئیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے تعینات ہونے والے ایس ڈی ای اوز کو بہت جلدمتعلقہ ٹاوئنز میں ایڈجسٹ کردیا جائیگا تاہم اس میں تھوڑا وقت لگے گا۔