اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے سی پیک کے معاملے پر عدالت جانے کا فیصلہ خود کے پی کے لئے مشکلات پیدا کرنے کا باعث بنے گا ،بیرونی سرمایہ کاری عدالتوں کے ذریعہ راغب نہیں ہوتی، الٹا کتراتی ہے،اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا29اگست کو سی پیک سمٹ میں اسکی پرزور حمایت کر کے اچانک کیسے پھر گئے، انہوں نے کہا کہ مغربی روٹ پر زور و شور سے کام جاری ہے ، گوادر تا کوئٹہ شاہراہ وقت سے پہلے مکمل کر لی گئی ہے، احسن اقبال نے کہا کہ اگر عدالت میں جاکر کے پی حکومت کی تسلی ہوتی ہے تو انہیں روک نہیں سکتے،سی پیک میں کسی صوبے کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہوئی اقتصادی راہداری کے منصوبوں سے کم ترقی یافتہ اور پسماندہ علاقوں کو زیادہ فائدہ ہوگا،سی پیک جیسے اہم قومی منصوبے کو جماعتی اور علاقائی مفادات کیلئے استعمال کرنا نامناسب ہے۔