کوئٹہ(سٹی ڈیسک)بلوچستان گڈز ٹرک ٹرانسپوٹروں کا اجلاس مرکزی صدر نوراحمد کاکڑ کی زیر صدارت ہوا جس میں مرکزی عہدیداران حاجی سید عزیز اللہ حاجی عبدالباری پرکانی حاجی عبدالقادر اچکزئی راز محمد کاکڑ ودیگر ٹرانسپوٹروں نے شرکت کی اجلاس میں ٹرانسپورٹروں نے گوادر میں افتتاحی تقریب کوخوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یقیناََ سی پیک عظیم منصوبہ ہے گڈز ٹرانسپورٹ کے شعبے میں انقلاب آئےگا مگر یہ تب ممکن ہے کہ گڈز ٹرانسپورٹ کا شعبہ بھی اس کیلئے مکمل تیاری کرے اور حکومت کو بھی ٹرانسپورٹ کے شعبے کو کارگو سپلائی کے حوالے سے اعتماد میں لے آج گوادر میں سی پیک کارگو کی افتتاحی تقریب تھی مگر صوبائی حکومت نے صوبے کے گڈز ٹرانسپورٹ کے شعبے کو مکمل طورپر اس سے لاتعلق رکھا جس سے صوبے کے گڈز ٹرانسپورٹ کے شعبے میں مایوسی پھیل گئی ہے صوبائی حکومت کو سی پیک کے کارگو سپلائی کے حوالے سے اعتماد میں لینا چاہیے تاکہ صوبے کا ٹرانسپورٹ کا شعبہ اس بڑے درپیش کارگو سپلائی کیلئے اپنے آپ کو تیار رکھے بصورت دیگر یہ کارگو سپلائی ہمارے ہاتھ سے نکل جائےگا اور صوبے میں سی پیک کی افادیت کے حوالے سے مزید مایوسی پھیلے گی۔