راولپنڈی (جنگ نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور ماہر تعلیم راحت مسعود قدوسی نے کہا ہے کہ گوادر پورٹ کا افتتاح پاکستان کی تاریخ کا اہم سنگ میل ہے‘ گوادر پورٹ سے 3سو کنٹینرز کے پہلے قافلہ کی مشرق وسطیٰ اور دیگر ممالک کو روانگی چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی بڑی کامیابی ہے۔ اس سے دونوں ملکوں کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے۔ ایک بیان میں اُنہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کو دفاعی طور پر ناقابل تسخیر بنا دیا اور اب چین کے تعاون سے گوادر پورٹ کو آپریشنل کرنے سے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر ڈال دیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ سی پیک اور اسکے نتیجے میں مکمل ہونے والے 16بڑے منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان کی سالانہ قومی پیداوار میں زبردست اضافہ ہو گا اور لاکھوں افراد کو روزگار کی سہولتیں حاصل ہونگی۔