مانچسٹر (غلام مصطفیٰ مغل)پیرسید مزمل حسین جماعتی شاہ نے کہا کہ اسلام امن و امان، بھائی چارے اور ایک دوسرے کے ساتھ احسان اور نیکی کرنے کا درس دیتا ہے، اسلام میں جبر سے منع کیا گیا ہے۔ اسلام کے نام پر بہت سے لوگوں نے اپنی دوکانداری اور کاروبار چمکانے شروع کردیئے ہیں، نعتیں پڑھ کر پیسے اکھٹے کرنا کون سا اسلام ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج گھروں میں بے برکتی اور پریشانیوں نے مسلمانوں کو تباہ برباد کردیا ہے۔ بچے والدین کے کنٹرول میں نہیں ہیں، بلکہ الٹا بچے والدین پر حکمرانی اور نافرمانی کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت منزل میں روحانی محفل اور مرحومین کے ایصال ثواب کے لیے ایک محفل سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے رشتوں کے معاملات بچوں سے رائے لے کر کئے جائیں تاکہ رشتوں میں خرابیاں پیدا نہ ہوں۔ اس موقع پر معروف کاروباری شخصیت چوہدری محمد نواز دلو، چوہدری مسرت علی، سیدعرفان حسین شاہ، چوہدری قمراقبال، چوہدری محمد زمان، چوہدری ساجد حسین، صوفی محمد طارق جہلمی، سید جاوید حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسان کو بھلائی کی جانب راغب کرنا ہی اصل اسلام ہے۔ محفل کا آغاز تلاوت کلام پاک سے علامہ صوفی محمد طارق جہلمی نے کیا۔ پیر مزمل حسین شاہ نے محفل کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی اور نوجوانوں کے درست راستے پر چلنے کی دعا کی۔ اس موقع پر حاجی محمد احسان دلو، چوہدری محمد ریاض، چوہدری بلال ارشد، ملک فیصل عباس، الحاج محمود خان، رانا شفقت علی، صلاح الدین چیمہ، سیدذکی خان، ڈاکٹر کاشف، ڈاکٹر محمد یونس پرواز کے علاوہ دیگر افراد نے شرکت کی۔