• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک امریکا تعلقات پیچیدہ ہیں،ٹرمپ بھی حکومت سنبھالنے کے بعد دفتر خارجہ کی بات سنیںگے، وہائٹ ہائوس

واشنگٹن (واجد علی سید) امریکی ایوان صدر وائٹ ہاوس کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکا اور پاکستان کے باہمی تعلقات پیچیدہ لیکن اہم ہیں، صدر اوباما ایک مرحلے پر پاکستان کا دورہ کے خواہش مند تھے لیکن پھر انہوں نے اس کے برخلاف فیصلہ کیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ بھی حکومت سنبھالنے کے بعد دفتر خارجہ کی بات سنیں گے۔ واشنگٹن میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے جوش ارنسٹ کا کہنا تھا کہ اگر امریکی قومی مفادات کو مدنظر رکھا جائے تو امریکا اور پاکستان کے تعلقات خاصے پیچیدہ ہیں ، انہوں نے وضاحت کی کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات واضح طور پر اہم ہیں، تاہم جوش ارنسٹ  نے زور دیتے ہوئے کہا کہ کچھ معاملات ایسے ہیں جہاں پاکستان اور امریکا اپنی کوششوں کو موثر طور پر مربوط کرنے کے قابل رہے ہیں۔ صدر اوباما کے حوالے سے جوش ارنسٹ کا کہنا تھا کہ صدر اوباما متعدد وجوہات کی بنا پر، جن میں سے کچھ کا تعلق گزشتہ 8 برس کے دوران دونوں ممالک کے پیچیدہ تعلقات سے رہا ہے، پاکستان کا دورہ نہیں کرسکے۔ جوش ارنسٹ نے کہا کہ جب صدر ٹرمپ اپنے بیرون ملک دوروں کی منصوبہ بندی کریں گے تو وہ کئی مقامات کا سفر کرنے پر  غور کریں گے اور پاکستان یقینا ان میں سے ایک ہوگا۔جوش ارنسٹ نے کہا کہ گزشتہ 8 سال میں خصوصا  اسامہ بن لادن کے خلاف پاکستانی سرزمین پر چھاپہ مار کارروائی کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات ناہموار رہے ہیں۔
تازہ ترین