کراچی(اسٹاف رپورٹر) نیپال انٹرنیشنل سیریز بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں پاکستان کے رضوان اعظم اور کاشف علی سلہری فتوحات برقرار رکھتے ہوئے مینز ڈبلز سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔ جبکہ انفرادی مقابلوں میں رضوان اعظم کو مینز سنگلز جبکہ ماہور شہزاد اور پلوشا بشیر کوخواتین سنگلز، پلوشہ اور صائمہ کو خواتین ڈبلز ایونٹس کے کوارٹرفائنلز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ نیپال میں جاری ایونٹ میں کھیلے گئے مینز ڈبلز کوارٹرفائنل میں رضوان اور کاشف پر مشتمل پاکستانی جوڑی نے دیپش دھامی اور رتناجیت پر مشتمل نیپالی جوڑی کو 21-16 اور 21-18 سے ہرا کر سیمی فائنل کیلئے جگہ بنائی جہاں پاکستانی جوڑی کو بھارتی جوڑی کا چیلنج درپیش ہو گا، دوسری جانب مینز سنگلز کوارٹر فائنل میں بھارتی پلیئر ابھیشک نے پاکستان کے رضوان اعظم کو ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا، دوسری جانب ویمنز سنگلز کوارٹرفائنلز میں ایرانی کھلاڑی نے پاکستانی پلیئر پلوشہ جبکہ انڈونیشین پلیئر نے پاکستان کی ماہور شہزاد کو شکست دی۔ خواتین ڈبلز میں بھی پلوشا بشیر اور صائمہ پر مشتمل پاکستانی جوڑی ناکام رہی اور اسے کوارٹرفائنل میں بھارتی جوڑی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔