لاہور(خصوصی نمائندہ)ترجمان پنجاب حکومت سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ پرویزالٰہی دور کا ہر منصوبہ کرپشن اور لوٹ مار سے عبارت ہے۔عام آدمی کی فلاح و بہبود اور بہتری کے لئے شروع کئے گئے منصوبے پرویزالٰہی کی آنکھوں میں کھٹک رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی مخالفت کر کے پرویزالٰہی کم ظرفی کا ثبوت دے رہے ہیں۔سیدزعیم حسین قادری نے کہا کہ شہبازشریف کی مخالفت میں پرویزالٰہی عوام دشمنی پر اتر آئے ہیں۔ پرویزالٰہی دور کے منصوبے صرف کاغذات کی حد تک محدود تھے جبکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عملی اقدامات کے ذریعے عوامی بہتری کے منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کا ہر منصوبہ شفافیت کی مثال ہے۔ پرویزالٰہی کی مخالفت کے باوجود لاکھوں لوگ آج میٹروبس سے استفادہ حاصل کر رہے ہیں۔