• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرانسفر کی درخواست ٹو ئٹر پر،بھارتی وزیرخارجہ شدید طیش میں آگئیں

لاہور(خالد محمود خالد)بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج جو کہ نہ صرف اپنے دھیمے لہجے کی وجہ سے مشہور ہیں بلکہ اپنے ٹوئٹر اکائونٹ کے ذریعے بھارتی عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے عوام میں کافی مقبول بھی ہیں ، گزشتہ روز اس وقت انتہائی سخت لہجے میں آگئیں جب ایک ٹوئٹر پیغام نے ان کا دھیما لہجہ غصے میں تبدیل کردیا ، پونا سے تعلق رکھنے والے ایک ریلوے ملازم سومیت راج نے انہیں اپنی بیوی جو کہ جھانسی میں ریلوے میں ہی تعینات ہے، کی پونے ٹرانسفر کے لئے درخواست کی جس کے جواب میں وزیرخارجہ نے کہا کہ اگر وہ شخص ان کی وزارت میں ہوتا تو سب سے پہلے اسے اور اس کی بیوی کو معطل کر دیتی جسے سرکاری پالیسی کا بھی علم نہیں کہ ایسی درخواستیں ٹوئٹر پر نہیں دی جاتیں۔سشما سوراج نے انتہائی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے جواب دیا کہ اس کو ریلوے میں سرکاری قواعد کے مطابق درخواست دینی چاہئے تھی کیونکہ ایسی درخواستیں براہ راست وزرا کو نہیں دی جاتیں اور نہ ہی وزرا ٹرانسفر کرنے کی پاور رکھتے ہیں۔راج نے اپنی درخواست میں کہا تھاکہ وہ ایک سال سے اپنی بیوی کے بغیر پونا میں رہ رہا ہے جب کہ ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ وہ اور اس کی بیوی جلاوطنی کی زندگی بسر کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ بھارت میں کسی بھی سطح کی ٹرانسفر کے لئے متعلقہ محکمے میں بورڈ بنایا جاتا ہے۔
تازہ ترین