• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرکٹ اکیڈمی کے ملازم کو سیکورٹی حکام نے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا

کراچی(عبدالماجدبھٹی/اسٹاف رپورٹر)لاہور کی قومی کرکٹ اکیڈمی کو پاکستان میں نوجوان کرکٹرز کی کوچنگ کا ادارہ قرار دیا جاتا ہے۔لیکن بدقسمتی سے اس اکیڈمی میں ماضی اور حال کی تلخ روایات نے جنٹلمین گیم کو بری طرح متاثر کیا ہے۔تازہ ترین واقعے کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے سیکورٹی حکام تحقیقات کررہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گذشتہ ہفتے قومی اکیڈمی کےایک ملازم کو سیکیورٹی حکام نے رنگے ہاتھوں پکڑا تو اس کے پاس سے کرکٹرز کے لئے آنے والی دالیں،فوڈ آئٹمز اور پرنٹر کا سامان شامل تھا۔یہ ملازم ایک جنرل منیجر کا اسٹنٹ تھا جس کے خلاف بورڈ کے حکام نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔تاہم ذرائع کا کہنا ہے پاکستان کرکٹ بورڈ کے دفتر سے منرل واٹر،کولڈ ڈرنک اور دیگر سامان کی چوری عام ہے۔جبکہ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ بعض ملازمین قومی اکیڈمی کی لانڈری کو ذاتی طور پر استعمال کرتے ہیں۔جس میں قوانین کو نظر انداز کیا جاتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جس ملازم کو پکڑا گیا ہے اس  سے چوری کا سامان برآمد ہوا ہے لیکن بورڈ کے حکام اس کیس کو ٹیسٹ کیس کے طور پر ا ستعمال کرنا چاہتے ہیں تاکہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات کا سدباب ہوسکے۔ملتان کی ہائی پرفارمنس اکیڈمی سے دو ملازمین کو غیر اخلاقی حرکتوں کی وجہ سے ملازمت سے برطرف کیا گیا ہے۔قومی اکیڈمی میں کرکٹرز کے لئے سسٹم بنانے کی کوششیں ہورہی ہیں لیکن اس قسم کے واقعات پاکستان کرکٹ بورڈ حکام کے لئے چیلنج ہیں۔
تازہ ترین