وزیراعظم شہباز شریف نے تین روزہ دورہ سعودی عرب کو تاریخی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پرتپاک میزبانی اور پاکستان سے محبت پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ عالمی اقتصادی فورم پر واشگاف انداز میں بیان کیا کہ دنیا کو پرامن بنانا ہے تو غزہ میں مستقل امن قائم کرنا ہوگا۔
دورہ سعودی عرب کے اختتام پر اپنے بیان میں وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ پاک سعودی تعلقات اور معاشی شراکت داری مزید مضبوط ہو رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ چند دنوں میں سعودی عرب کی کاروباری شخصیات کا وفد پاکستان آرہا ہے، سعودی عرب کے کاروباری وفد کی آمد سے معاشی شراکت داری کی رفتار مزید تیز ہوگی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قیادت کی سطح پر ہونے والی مفاہمت کو عملی شکل دینے کےلیے پوری محنت سے کام کریں گے۔ پاکستان اور سعودی عرب کی معاشی شراکت داری سے دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہوا۔
انکا کہنا تھا کہ دو ماہ کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اعلیٰ ترین سطح پر ریکارڈ وفود کا تبادلہ ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ عالمی اقتصادی فورم میں عالمی رہنماﺅں سے ملاقاتیں ہوئیں، کثیرالجہتی شعبوں میں باہمی تعاون، تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ میں مثبت پیشرفت ہوئی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ورلڈ اکنامک فورم پر واشگاف انداز میں کہا کہ دنیا کو پُرامن بنانا ہے تو غزہ میں مستقل امن قائم کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پُرتپاک میزبانی اور پاکستان سے پُرخلوص محبت پر ولی عہد محمد بن سلمان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی وزراء کو پاکستان کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ سعودی وزراء نے قیادت کے درمیان مفاہمت پر عملدرآمد کےلیے بھرپور تیاری کی۔ سعودی عرب کے وزراء کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔