• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعید الزماں صدیقی کی خدمات یاد رکھی جائیں گی، کمیونٹی رہنما

مانچسٹر (علامہ عظیم جی) سابق چیف جسٹس آف پاکستان اور گورنر سندھ سید سعید الزماں صدیقی کی وفات پر اوورسیز پاکستانیوں نے گہرے دکھ افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت، بلندی درجات کے لئے دعائیں کیں۔ مرحوم گورنر اور سابق چیف جسٹس سعید الزماں صدیقی مرحوم کے قریبی دوست اوررسیز پاکستانیز و کشمیری ویلفیئر فورم کے چیئرمین ظفر اللہ راٹھور نے مرحوم کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم سابق چیف جسٹس سعید الزماں صدیقی پاکستان کے آئین کے حقیقی رکھوالے تھے جب انہوں نے جنرل پرویز مشرف کے مارشل لا ایڈمنسٹریشن کا حلف لینے سے انکار کردیا اور چیف جسٹس کا اعلیٰ عہدہ قربان کردیا تھا۔ ظفر اللہ راٹھور نے جنگ کو بتایا کہ وہ 3ہفتے قبل مرحوم گورنر سعید الزماں صدیقی کی خصوصی دعوت پر کراچی میں ملنے گئے تھے اور چند روز وہاں قیام بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعید الزماں صدیقی سچے محب وطن اعلیٰ پائے کے منصف، پاکستان کی ترقی جمہوریت کے فروغ کے زبردست حامی تھے۔ سابق سفارتکار مسٹر ملک نے کہا کہ مرحوم کی وفات قومی سانحہ ہے، مارشل لا کے خلاف چیف جسٹس کا اعلیٰ ترین عہدہ چھوڑ دینا بہت بڑا فیصلہ اور تاریخ ساز تھا ان کی وفات پر گہرا افسوس ہے، اللہ انہیں جنت الفردوس میں جگہ دے۔ اوورسیز پاکستانیز فائونڈیشن کے سابق ڈائریکٹر چوہدری محمد شاہد نے گورنر سندھ کی وفات پر گہرے رنج غم کا اظہار کیا اور مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اوورسیز پاکستانیز فائونڈیشن کے چیئرمین بیرسٹر امجد ملک نے سندھ کے گورنر سندھ سعید الزماں صدیقی کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عدالتوں کی تاریخ میں مرحوم کا نام روشن باب کی طرح زندہ رہے گا۔ گورنر سندھ سعید الزماں صدیقی مرحوم کی وفات پر مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں کارکنوں نے بھی گہرے دکھ کا اظہار کیا، مسلم لیگ (ن) گریٹر مانچسٹر کے صدر چوہدری قمر بھٹی، مسلم لیگی سینئر رہنما محبوب خان نے مرحوم کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ مسلم لیگ (ن) برطانیہ کے کوآرڈینیٹر حاجی عبدالغفار نے مرحوم کی وفات پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔ سینئر سٹیزن ایسوسی ایشن لانگ سائیٹ مانچسٹر کے عہدیداروں کارکنوں نے جی ایم پی اے سنٹر میں تعزیت کی، دیگر افسوس کرنے والوں میں سینئر سٹیزن ایسوسی ایشن کے صدر محمد صفدر، عالم پنوار ایڈووکیٹ، چوہدری محمد طفیل، شیخ سعید احمد، خواجہ خلیل الرحمٰن، جاوید اقبال، ممتاز خان، کاشف خان، محمد فیاض و دیگر شامل تھے۔ پیپلز پارٹی کی رہنما سابق میئر خواجہ کلیم الرحمٰن نے مرحوم کی خدمات کو سراہا۔ سماجی رہنما استاد محمد صفدر، چوہدری اعجاز ملہی، سید کاشف سجاد نے مرحوم گورنر سعید الزماں صدیقی کے مارشل لا کے خلاف جرأت مندانہ اقدام پر خراج تحسین پیش کیا۔ کشمیری رہنما جموں کشمیر حق خودارادیت یورپ کے وائس چیئرمین امجد مغل، ساتھ ساتھ کمیونٹی کے چیئرمین سید اظہر شاہ بخاری نے بھی مرحوم کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ پاک برٹش ویلفیئر فورم مانچسٹر کے چیئرمین چوہدری شیراز گرمالہ، چوہدری جعفر اقبال، جنرل سیکرٹری ظفر بٹ، فنانس سیکرٹری خالد بٹ نے بھی سعید الزماں کی وفات پر افسوس کرتے ہوئے مرحوم کی وطن کے لئے شاندار خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
تازہ ترین