• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمین کے جی پی و پنشن فنڈ سے 8 ارب 55 کروڑ کا قرضہ لے لیا

پشاور(نمائندہ جنگ)خیبرپختونخوا حکومت نے سوات ایکسپریس وے کی تعمیر کےلئے سرکاری ملازمین کے جی پی وپنشن فنڈسے8ارب55کروڑکا قرضہ  لے لیا ہے جبکہ صوبائی اسمبلی سے منظوری لینے کے باوجود نجی بینکوں سے 12ارب20کروڑ روپے کا قرضہ لینے کا فیصلہ موخر کرکے صوبہ کو ترقیاتی کاموں کی مطلوبہ رقم کےلئے  اخراجات میں کمی لانے کی کوششیں جاری ہیں، اس سلسلے میں رابطہ کرنے صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید ایڈووکیٹ نے’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ صوبائی حکومت نے جاری مالی سال 2016-17ء کے لیے 12ارب20کروڑروپے کا قرضہ لینے کی منظوری بجٹ کے موقع پر صوبائی اسمبلی سے لی تھی  لیکن ہم نے تاحال مذکورہ قرضہ نہیں لیا تاہم سوات موٹر وے کی تعمیر کے لیے صوبہ کو و سائل کی ضرورت تھی اس لیے  صوبائی حکومت نے سرکاری ملازمین کے پنشن وجی پی فنڈسے 8.5ارب روپے قرضہ لیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ کوئی انہونی بات نہیں مرکز سمیت دنیا بھر میں حکومتیں قرضے لیتی اور واپس کرتی ہیں اور پھرپنشن وجی پی فنڈ تو پرائی رقم نہیں بلکہ ہمارا اپنا ہی فنڈ ہے جس کے لیے اس سال ہم 40ارب روپے فراہم کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اگرساڑھے آٹھ ارب روپے کا قرضہ اس فنڈ سے لیاہے تو واپس بھی کرینگے ۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ صوبہ کو اب بھی 5.5ارب کی مزید ضرورت ہے تاہم ہم نے اب تک نجی بنکوں سے قرضہ لینے کے آپشن کو استعمال نہیں کیا اور اپنے وسائل کے اندر رہتے ہوئے ہی یہ گنجائش پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ محکمہ خزانہ نے ترقیاتی کاموں کے لیے 50فیصد فنڈز جاری کردیئے ہیں جبکہ مزید25فیصدجلدجاری کردیئے جائیں گے اب یہ سرکاری محکموں کا کام ہے کہ وہ یہ فنڈزمناسب طریقہ سے ترقیاتی کاموں پر استعمال کریں تاکہ منصوبے بروقت مکمل ہوسکیں۔
تازہ ترین