ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان میٹرو بس سروس کا افتتاح منگل 24جنوری کو ہوگا ، کمشنر ملتان ، ایم ڈی اے ، میونسپل کارپوریشن اور ضلع کونسل نے تیاریاں شروع کردی ہیں ،شہر کو ہورڈنگز بورڈ ،ہزاروں سٹیمرز،سیکڑوں بینرزاور لائٹس سے سجایا جائیگا ، صفائی کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں ،بتایا گیا ہے کہ میٹرو بس سروس کے افتتاح کے موقع پر میٹرو روٹ، ملتان شہر کو سجانے کیلئے ایڈورٹائزنگ کمپنی کو کروڑوں روپے مالیت کا ٹھیکہ دے دیا گیاہے ، ایڈورٹائزنگ کمپنی کی جانب سے شہر کے مختلف چوکوں پر 10ہورڈنگز بورڈ ، 3ہزار سٹیمرز، تین ایس ایم ڈی ایز ، 250بینرز لگائے جائیں گے جبکہ میٹرو روٹ کوخوبصورت بنانے کیلئے آرائشی لائٹس بھی لگائی جارہی ہیں ،ضلعی حکومت کی جانب سے ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ میٹرو روٹ اور منسلک سٹرکوں کی صفائی کیلئے خصوصی ٹیمیں شکیل دی جائیں اس ضمن میں قائمقام ایم ڈی عمران نور نے 200سینٹری ورکرز پر مشتمل گینگ تشکیل دے دیا ہے ۔