• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت پاکستان کو نشانہ بنا کر کشمیر سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے،ریاض کھوکھر

کراچی (ٹی وی رپورٹ)سابق سیکرٹری خارجہ ریاض کھوکھر نے کہا ہے کہ سیاسی وفوجی قیادت میں اتفاق رائے کے بغیر اندرونی چیلنجز سے نہیں نمٹا جاسکتا ، پاکستان کو افغانستان کے ساتھ سنجیدہ بات چیت کرنا ہوگی، افغانستان کے تحفظات دور نہ کیے تو دہشتگردی کا سلسلہ جاری رہے گا، ہندوستان نے مشرق وسطیٰ سے واپس آنے والے داعش کے لوگوں سے رابطہ کرلیا ہے۔ بھارت پاکستان کو نشانہ بنا کر کشمیر سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔ وہ جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان طلعت حسین کے ساتھ“ میں میزبان طلعت حسین سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں مسلم لیگ نواز کے رہنما سینیٹر عبدالقیوم،پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر سعید غنی،سینئر صحافی اسماعیل خان،تجزیہ کار مشرف زیدی اور دفاعی تجزیہ کار امتیاز گل بھی شریک تھے۔سینیٹر عبدالقیوم نے کہا کہ کابل میں افغانیوں کی حکومت نہیں ہے، کابل ایک مقبوضہ ملک ہے جہاں امریکی فوجی اور بیس موجود ہے، امریکا نے کابل میں ایک کٹھ پتلی حکومت قائم کر رکھی ہے ،اپوزیشن کا قومی معاملات پر سیاست کرنا افسوسناک ہے۔سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ دنیا اور خطے میں پاکستان کا کیس مضبوط طور پر پیش کرنے کیلئے متحرک وزیرخارجہ کی ضرورت ہے، پورے ملک میں ایک ہی وقت میں دہشتگردی کو ختم کرنے کی کوشش کرنا ہوگی۔ریاض کھوکھر نے مزید کہا کہ سیاسی وفوجی قیادت میں اتفاق رائے کے بغیر اندرونی چیلنجز سے نہیں نمٹا جاسکتا ہے، نیپ پر عملدرآمد اور فوجی عدالتیں ایسے معاملات ہیں جن پر فوراً فیصلے ہونے چاہئیں، افغانستان میں اتنی صلاحیت نہیں کہ دہشتگردوں کو پاکستان کیخلاف استعمال کرسکے، ہندوستان اور افغانستان متحد ہو کر پاکستان کی کمزوریوں سے فائدہ اٹھارہے ہیں، بھارت پاکستان کو نشانہ بنا کر کشمیر سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو افغانستان کے ساتھ سنجیدہ بات چیت کرنا ہوگی، افغانستان کے تحفظات دور نہ کیے تو دہشتگردی کا سلسلہ جاری رہے گا، پاکستان افغانستان میں چھپے دہشتگردوں کیخلاف فوجی آپشن استعمال نہیں کرسکتاہے ،ہندوستان نے مشرق وسطیٰ سے واپس آنے والے داعش کے لوگوں سے رابطہ کرلیا ہے، امریکا چاہے تو ایک ہفتے میں معاملہ طے ہوسکتا ہے مگر فی الحال وہ اس معاملہ میں نہیں پڑے گا، پاکستان کو افغانستان سے بات چیت کیلئے روس، چین اور ایران سے بھی مدد لینی چاہئے۔امتیاز گل نے افغان سفارتکاروں کی جی ایچ کیو میں طلبی پر ابھی تک افغان حکومت کا کوئی ردعمل نہیں آیا ہے، افغان میڈیا میں پاکستان کی طرف سے آنے والے بیانات پر تنقید کی جارہی ہے، بھارت کو افغانستان میں ایسے ملک کے طور پر دیکھا جاتا ہے جس نے مشکل وقت میں اس کی مدد کی۔سینیٹر عبدالقیوم نے کہا کہ کابل میں افغانیوں کی حکومت نہیں ہے، کابل ایک مقبوضہ ملک ہے جہاں امریکی فوجی اور بیس موجود ہے، امریکا نے کابل میں ایک کٹھ پتلی حکومت قائم کر رکھی ہے اور اس حکومت کے اندر بھی اتحاد نہیں ہے، افغان فوج میں 80فیصد غیرپشتون لوگ شامل ہیں، افغانستان کے سرحدی علاقے نوگوایریاز ہیں جہاں افغان حکومت کی رِٹ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کبھی حملوں کا الزام افغان حکومت پر نہیں لگایا بلکہ ہمیشہ یہی کہا کہ پاکستان پر حملوں میں افغانستان کے وہ علاقے استعمال ہوتے ہیں جہاں افغان حکومت کا کنٹرول نہیں ہے، پاکستان افغان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ ان علاقوں میں اپنی رِٹ قائم کرے، پاکستان سے بھاگے ہوئے لوگ افغانستان میں دندناتے پھرتے ہیں۔ سینیٹر عبدالقیوم کا کہنا تھا کہ افغان حکومت کا پاکستان سے دہشتگردوں کی پناہ گاہیں ختم کرنے کا مطالبہ بیجا ہے، پاکستان میں دہشتگردوں کی کوئی آماجگاہ نہیں ہے، قبائلی علاقوں میں مسائل تھے جنہیں ہم نے کلیئر کردیا ہے، مستقل وزیر خارجہ لگانے یا وزیر داخلہ کو تبدیل کرنے سے دہشتگردی ختم نہیں ہوگی، اپوزیشن کا قومی معاملات پر سیاست کرنا افسوسناک ہے، ملک میں دہشتگردی کے خطرات میں واضح کمی آئی ہے۔سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ دنیا اور خطے میں پاکستان کا کیس مضبوط طور پر پیش کرنے کیلئے متحرک وزیرخارجہ کی ضرورت ہے، دہشتگردوں کے سہولت کار پاکستانی اور ملک کے اندر موجود ہیں، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں اپنی غلطیوں کو تسلیم کیے بغیر کامیاب نہیں ہوا جاسکتا ہے، حکومت کو دہشتگردوں کیخلاف واضح موقف کے ساتھ سامنے آنا ہوگا، دہشتگردوں سے انہی کی زبان میں بات کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایپکس کمیٹی کے سب سے زیادہ موثر اجلاس سندھ میں ہوتے ہیں، پیپلز پارٹی میں دہشتگردوں سے لڑنے کے بارے میں کوئی کنفیوژن نہیں ہے، پورے ملک میں ایک ہی وقت میں دہشتگردی کو ختم کرنے کی کوشش کرنا ہوگی۔اسماعیل خان نے کہا کہ حالیہ دہشتگرد حملوں سے ثابت ہوگیا کہ دہشتگردوں کی کمر توڑنے کی باتیں حقیقت نہیں تھیں، پاکستان اور افغانستان کو ساتھ بیٹھ کر دونوں اطراف کے تحفظات پر غور کرنا ہوگا،افغانستان میں امریکی جنرل جان نکولسن پاکستان کی بات نہیں سنیں گے، افغانستان میں امریکی توجہ داعش پر مرکوز ہے۔مشرف زیدی نے کہا کہ ہمیں آپس میں الزام تراشی کے بجائے دہشتگردوں کیخلاف متحد ہونا ہوگا، اندرونی دشمنوں کے ساتھ بیرونی دشمنوں کے خلاف بھی لڑنا ہوگا، بھارت، امریکا اور پاکستان کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنا چاہتا ہے۔
تازہ ترین