اپوزیشن اتحاد کے ترجمان اخونزادہ حسین یوسفزئی نے کہا ہے کہ ہم بانی پی ٹی آئی کو ذوالفقار علی بھٹو نہیں بننے دیں گے، سابق وزیراعظم نے آخری ملاقات میں کسی بھی قسم کا سمجھوتا کرنے سے منع کیا۔
اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف چوہدری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں اخونزادہ حسین یوسفزئی نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ، اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل، سی ڈی اے، ڈی سی اسلام آباد کوبھی خط بھیجا ہے، اپوزیشن لیڈران کا خط ان تمام لوگوں تک اب تک پہنچ چکا ہوگا۔
ترجمان اپوزیشن اتحاد نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت بارے جو خدشات لاحق ہیں ان پر بات کی گئی ہے، بانی چیئرمین نے جو خط لکھا تھا، اس کی کاپی بھی ساتھ لگائی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو ذوالفقار علی بھٹو نہیں بننے دیں گے، ہم ایک قیدی کے بنیادی حقوق کا مطالبہ کر رہے ہیں، جس پر عمل درآمد نہیں ہو رہا۔
اخونزادہ حسین یوسفزئی نے یہ بھی کہا کہ بشریٰ بی بی کی صحت کو جو خطرات لاحق ہیں، ان کے لیے بندوبست کیا جائے، اہلیہ کو اس لیے جیل میں رکھا جا رہا تاکہ بانی کو توڑنے کی کوشش کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے آخری ملاقات میں کسی بھی قسم کا سمجھوتا کرنے سے منع کیا ہے۔
اس موقع پر خالد یوسف چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو شفا انٹرنیشنل منتقل کرنے کا فیصلہ دیا تھا، عدالت عظمیٰ کے اس فیصلے پر عمل دآمد کروانے کے لیے خط لکھا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ، جوڈیشل کمیشن اور اسلام آباد ہائیکورٹ کو خط لکھا، بانی پی ٹی آئی کے کیس کو لٹکا دیا گیا ہے، بیرسٹر سلمان صفدر کا جو خط تھا وہ ساتھ لگایا گیا ہے۔
بانی کے وکیل نے مزید کہا کہ عظمیٰ خان کی پٹیشن کو بھی ساتھ اٹیچ کیا گیا ہے، اپوزیشن کے خط کو آئینی عہدوں پر بیٹھے افراد کی جناب سے پٹیشن سمجھا جائے۔