پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔
اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ترکیہ کے اعلیٰ سطح عدالتی وفد کا استقبال کیا، اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔
اعلامیے کے مطابق ترک عدالتی وفد کی قیادت کورٹ آف کیسیشن کے صدر عمر کرکیز نے کی، مفاہمتی یادداشت پر یحییٰ آفریدی اور عمر کرکیز نے دستخط کیے۔
تقریب میں سپریم کورٹ کے معزز ججز، آزاد کشمیر سپریم کورٹ اور ہائیکورٹس کے چیف جسٹسز نے شرکت کی۔
اعلامیے کے مطابق تقریب میں وفاقی وزیر قانون و پارلیمانی امور، اٹارنی جنرل پاکستان، ضلعی عدلیہ، قانونی برادری اور میڈیا نمائندگان بھی موجود تھے۔
اعلامیے کے مطابق معاہدے کے تحت دونوں ممالک کی عدلیہ کے درمیان ادارہ جاتی تعاون بڑھایا جائے گا۔
تقریب سے خطاب میں چیف جسٹس پاکستان کا کہنا تھا کہ یہ پیشرفت تاریخی تعلقات کو عملی ادارہ جاتی تعاون میں تبدیل کرے گی، معاہدے کے تحت عدالتی تربیت، تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں تعاون بڑھایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عدالتی تجربات اور بہترین طریقۂ کار کے تبادلے سے انصاف تک رسائی، شفافیت اور احتساب بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
یحییٰ آفریدی نے ترکیہ کی جدوجہدِ آزادی میں عبدالرحمان پشاوری کی خدمات کو بھی سراہا۔
عمر کرکیز نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن، مصنوعی ذہانت اور سرحد پار تنازعات عدالتی تعاون بڑھانے کا تقاضا کرتے ہیں۔ معاہدے کے تحت دونوں ممالک کی عدالتی اکیڈمیاں مشترکہ تربیت، تحقیق اور اساتذہ کے تبادلے کریں گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سائبر اور مالیاتی جرائم، انسانی حقوق، عدالتی اخلاقیات اور متبادل حلِ تنازعات میں تعاون ہوگا، مشترکہ ورکنگ گروپ ترجیحات طے کرے گا اور معاہدے پر عمل درآمد کی نگرانی کرے گا۔