• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چارسدہ دہشتگردی کی کوشش ناکام ،شہدا ءکی تعداد 8 ہوگئی

Bid To Terror Attack In Charsadda Foiled 8 Martyred
چارسدہ پولیس نے تحصیل تنگی کی کچہری میں دہشتگردی کی کوشش ناکام بنادی ،حملے میں شہداء کی تعداد 8 ہوگئی۔

واقعے میں 4 اہلکاروں سمیت 20 افراد زخمی ہوئے ہیں،پولیس کے مطابق چارسدہ دھماکے کی جگہ سے ایک مشکوک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔

چارسدہ میں امن دشمنوں کا حملہ پولیس نے ناکام بنادیا، 2 خودکش حملہ آور ہلاک کردیئے جبکہ تیسرے خودکش نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

ڈی آئی جی مردان اعجاز خان کے مطابق تین خودکش حملہ آوروں نے 11بجکر35 منٹ پر تنگی کچہری میں داخل ہونے کی کوشش کی، پولیس پر فائرنگ اور ہینڈ گرنیڈ سے حملہ کیا،15 سے 20 منٹ تک مقابلہ جاری رہا، ایک حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ دو دہشت گردوں کو سیکیورٹی اہلکاروں نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔

دھماکے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز کے دستے بھی پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا، ہیلی کاپٹر بھی فضا میں گشت کرتے رہے،خودکش حملے کے نتیجے میں ایک وکیل سمیت 8افراد شہید ہوئے۔

زخمیوں کو تحصیل اسپتال تنگی منتقل کیا گیا جہاں سے 17 شدید زخمی پشاور منتقل کردیئے گئے ہیں، دھماکے کی جگہ سے سیکیورٹی فورسز نے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیا ہے۔

صوبائی حکومت کے ترجمان مشتاق غنی نےبھی کچہری تنگی کا دورہ کیا، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے بہادری اور دلیری کا مظاہرہ کیا ہے، اگر دہشت گرد کچہری میں داخل ہوجاتے تو بہت نقصان ہوسکتا ہے۔
تازہ ترین