• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل فائنل لاہور میں ہوگا یا نہیں ؟ آج بڑی خبرآنے کا امکان

+3
پی ایس ایل کا فائنل پاکستان میں ہوگا یا نہیں ؟ خیبر سے کراچی تک شائقین کرکٹ بڑے فیصلے کے بے صبری سے منتظرہیں۔آج وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت بیٹھک لگے گی۔ جس کے بعد بڑی خبر آنے کا امکان ہے۔

دبئی میں ہونے والا پی ایس ایل کا پررونق کرکٹ میلہ اپنی مقبولیت کی انتہاؤں کوپہنچ چکا ہے۔پی ایس ایل میں شریک کھلاڑیوں نے اپنی مہارتوں ،پھرتیوں اور شوخیوں کے بھرپور مظاہرے کیے۔

کرکٹ کے دیوانوں کے لیے پی ایس ایل کسی میلے یاجشن سے کم نہیں ۔ انہیں بس ایک ہی شوق ، ایک ہی جنوں اورایک ہی خواب ہےکہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہو جائے۔

کرکٹ دیوانوں کے اس جنون میں پی ایس ایل انتظامیہ اور پنجاب حکومت بھی برابر کی شریک ہے۔

گزشتہ روز بھی وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی سر جوڑ کر بیٹھے ۔اجلاس میںحکومتی نمائندوں اور سیکورٹی اداروں کے حکام بھی موجود تھے ۔انہوں نےفائنل لاہور میں کرانے کے ایک ایک پہلو اور انتظامات کا جائزہ لیا ۔

اس بات پر اتفاق ہواکہ لاہور میں فائنل کی صورت میں رینجرز کے ساتھ فوج کو بھی آن بورڈ رکھا جائے گا ۔سیکورٹی کے لیے7 سے 8ہزار پولیس اہلکار تعینات کرنے کے ساتھ شریک ٹیموں کو سربراہ مملکت کے پروٹوکول والی سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔

کرکٹ شائقین کو خوابوں کی تعبیر ملنے کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔اب بڑی بےتابی سےحکومت کے باضابطہ اعلان کا انتظار ہے۔
تازہ ترین