اسلام آباد(حذیفہ رحمان)اقتصادی راہداری کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس میں اعتزازاحسن نے پرویز خٹک کو لاجواب کردیا ،اعتزاز احسن بولے کہ اگر شہباز شریف اپنے صوبے میں منصوبے شروع کرانے کیلئے 31دفعہ چین جاسکتے ہیں تو آپ کو کس نے روکا ہے،پرویز خٹک کے ہر اعتراض پر اعتزاز نے انہیں لاجواب کردیا۔پرویز خٹک کی طرف سے موٹر وے کے مطالبے پر وزیراعظم نوازشریف کہنے لگے کہ انہیں خوشی ہے کہ پہلے لوگ موٹر وے بنانے پر جھگڑتے تھے اور آج لوگ موٹر وے بنانے کیلئے جھگڑ رہے ہیں۔ وزیراعظم کے قریبی ذرائع نے روزنامہ جنگ کو آل پارٹیز کانفرنس کی اندرونی کہانی بتاتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلی پرویز خٹک کی طرف سے پنجاب میں شروع ہونے والے ترقیاتی منصوبوں پر اعتراض کے جواب میں اعتزاز احسن بولے کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف اپنے صوبے میں منصوبے شروع کروانے کیلئے 31دفعہ چین گئے ہیں،بیوروکریٹس کو سیکڑوں منصوبوں کے پیچھے لگایا گیا ہے۔