کوئٹہ (اسٹا ف رپورٹر) تربت میں دستی بم حملے میں 4 افراد زخمی ہو گئے، گوادر میں مکران کوسٹل ہائی وے پر پْل کے نیچے دھماکہ ، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز تربت کے علاقے میںسینما چوک کے قریب دو نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے دستی بم پھینکا جوسڑک کے کنارے گر کر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 4 راہ گیر نصیر ، یاسر، عمران خان اور احسان شدید زخمی ہو گئے ، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر کارروائی شروع کر دی ہے ۔ درایں اثناء پولیس کے مطابق گوادر شہر سے 15 کلو میٹر دور سربندر کے مقام پر نامعلوم افراد کی جانب سے دھماکہ خیز مواد مکران کوسٹل ہائی وے پر پْل کے نیچے نصب کیا تھا۔جس کے پھٹنے سے پْل کے ایک حصے کو جزوی نقصان پہنچا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، پولیس کے مطابق دھماکا ٹائم ڈیوائس کی مدد سے کیا گیا تھا، مزید کارروائی جاری ہے۔