اسلام آباد (حنیف خالد) عوامی جمہوریہ چین گوادر میں جدید ترین انٹرنیشنل ائرپورٹ تعمیر کریگا۔ نئے ائرپورٹ کیلئے چین قرضے کی بجائے پوری رقم گرانٹ کی شکل میں دیگا۔ چینی کمپنیاں یہ ائرپورٹ 2سال سے کم عرصے میں مکمل کریں گی۔ نیو گوادر انٹرنیشنل ائرپورٹ کی تعمیر کا آغاز 30جون تک کر دیا جائیگا۔ سول ایوی ایشن ڈویژن کے چیئرمین عرفان الٰہی اس نئے گوادر انٹرنیشنل ائرپورٹ کی تعمیر کے سلسلے میں منتظم اعلیٰ کا رول ادا کرینگے۔ اس نئے ائرپورٹ پر دنیا کے سب سے بڑے مسافر بردار دو منزلہ طیارے اے 380لینڈ اور ٹیک آف کر سکیں گے۔ گوادر انٹرنیشنل ائرپورٹ کیلئے 12ہزار فٹ طویل بین الاقوامی معیار کا رن وے بنے گا۔ فی الحال ایک رن وے ہو گا جبکہ ضرورت کے مطابق دوسرا رن دے تعمیر کر لیا جائیگا۔ گوادر انٹرنیشنل ائرپورٹ پر دنیا کے جدید ترین ائرپورٹ سکیورٹی انتظامات اور مسافروں کی سہولت کے تمام نظام نصب ہونگے۔ گوادر ائرپورٹ کو پاکستانی ہوائی اڈوں سے ضرورت کے مطابق منسلک کیا جاتا رہے گا‘ اور آنے والے سالوں میں خلیجی ممالک‘ ایشیائی ممالک‘ وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ منسلک کیا جاتا رہے گا۔