سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر میں صفائی ستھرائی، پینے کے پانی اور سیورج کے نظام کے ذمہ دار محکمہ نساسک کے ملازمین نے ادارے کی ممکنہ بندش کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کے دوران محکمہ نساسک اور میونسپل کارپوریشن کے ملازمین آپس میں لڑ پڑے اور گھتم گھتا ہوگئے، ایک دوسرے کے کپڑے پھاڑ دیئے، دونوں گروپوں نے ایک دوسرے کے اداروں پر کرپشن کے الزامات لگانا شروع کردیئے اور صورتحال جھگڑے تک جا پہنچی تاہم موقع پر موجود لوگوں نے مداخلت کر کے لڑنے والے ملازمین کے درمیان جھگڑا ختم کرادیا۔ محکمہ نساسک کے ملازمین کا کہنا تھا کہ وہ اپنے ادارے کی ممکنہ بندش کے خلاف پر امن احتجاج کررہے تھے کہ میونسپل کارپوریشن کے ملازمین ان کے احتجاج میں آکر گڑبڑ کی کوشش کی جبکہ میونسپل کارپوریشن کے ملازمین نے الزام عائد کیا کہ نساسک ملازمین کی نااہلی اور مبینہ کرپشن کے باعث ادارہ شہر کی خدمت کرنے کے بجائے تباہ ہو گیا ہے جسے فوری طور پر بند ہونا چایئے، کیونکہ جب سے محکمہ نساسک کو یہ ذمہ داریاں دی گئی ہیں اس وقت سے عوام کے مسائل میں اضافہ ہوگیا ہے اور عوام میونسپل کارپوریشن کو بلا جواز تنگ کا نشانہ بنا تے ہیں جب یہ ادارہ کام نہیں کر سکتا تو اسے ختم کردینا چاہیئے تاہم شہریوں نے سمجھا بجھا کر انہیں الگ کر دیا۔