لندن (پ ر) جموں کشمیر لبریشن لیگ برطانیہ گلگت بلتستان کو پاکستان کا صوبہ بنانے کی بھرپور مخالفت کرتی ہے۔ اس اقدام سے تحریک آزادی کشمیر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔ ان خیالات کا اظہار جموں کشمیر لبریشن لیگ برطانیہ کے رہنمائوں کے مشترکہ بیان میں کیا جس میں لبریشن لیگ برطانیہ کے صدر ڈاکٹر مسفر حسن، سینئر نائب صدر مرزا منصف دار ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری بیرسٹر اشرف مغل، چیف آرگنائزر برائے برطانیہ میاں نجیب انصاری، جوائنٹ سیکرٹری محمد اسلم، چوہدری محمد اخلاق، سینئر رہنما ڈاکٹر ذوالفقار، ریاض رضا، کرنل (ر) ابراہیم حسن شامل تھے۔ رہنمائوں نے کہا کہ لبریشن لیگ ریاست جموں و کشمیر کی وحدت پر یقین رکھتی ہے اور جماعت کے بانی قائد کے ایچ خورشید جوکہ بانی پاکستان محمدعلی جناح کے دست راست تھے کے بتائے ہوئے اصولوں پر سختی سے کاربند ہے۔ ان رہنمائوں نے کہا کہ لبریشن لیگ برطانیہ یہ سمجھتی ہے کہ گلگت بلتستان کو پاکستان کا صوبہ بنانے سے پاکستان کی بنیاد جو حق خودارادیت کی بنیاد پر ہے،کی نفی ہوجائے گی، جس سے پاکستان میں افراتفری کا خدشہ پیدا ہوجائے گااور کشمیر اور پاکستان کے عوام کے درمیان لازوال رشتوں کو ٹھیس پہنچنے کا احتمال ہے۔ ان رہنمائوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت پاکستان کے ایسے کسی اقدام کے خلاف بین الاقوامی سطح پر بھرپور مہم چلائی جائے گی۔ دریں اثناء لبریشن لیگ برطانیہ کے صدر ڈاکٹر مسفر حسن نے جماعت کے مرکزی صدر چیف جسٹس (ر) عبدالمجید ملک سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے اس اہم معاملے پر مشاورت کی، جسٹس (ر) مجید ملک نے کہا کہ لبریشن لیگ ریاست کی وحدت پر مکمل یقین رکھتی ہے اور اس ضمن میں ایسے ہر اقدام کی بھرپور مخالفت کرے گی جو ریاست کی وحدت اور حق خودارادیت کے اصول سے ہٹ کر ہوگا۔ انہوں نے اس ضمن میں ڈاکٹر مسفر حسن کو ہدایت کی کہ دیگر ہم خیال جماعتوں کے ساتھ مل کر مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے اور بھرپور جدوجہد کی جائے۔