سکھر (بیورو رپورٹ)23 ویں مڈ کیرئیر مینجمنٹ کورس کے 18 ویں گریڈ کے شرکاء اپنے پاکستان اسٹڈی ٹور پر سکھرپہنچے ۔سکھر ایوانِ صنعت و تجارت نے کورس کے شرکاء کو ایوان میں خوش آمدید کیا ۔ اس موقع پر ایوان کے نائب صدر محمد خالد کاکیزئی نے سکھر ریجن کی جغرافیائی موزونیت اور کاروباری مرکز ی حیثیت جبکہ سندھ ، پنجاب ، بلوچستان کے سنگم پر واقع ہونے اور تینوں صوبوں کے تاجروں کے مفادات سکھر سے وابستہ ہونے پر اظہارِ خیال کیا۔ اُنہوں نے سکھر ایوانِ صنعت و تجارت کی ریجن میں تجارتی و صنعتی سرگرمیوں میں اضافے کیلئے کی گئی کاوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے مہمان وفد کو آگاہ کیا کہ سکھر میں صنعتی علاقوں کے قیام اور ایکسپورٹ پراسیسنگ زون کے ساتھ ساتھ سکھر ڈرائی پورٹ کے قیام میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں سکھر ایوانِ صنعت و تجارت سیالکوٹ اور ملتان ایوانہائے صنعت و تجارت کی سرکردگی میں قائم ہونے والے ڈرائی پورٹس پر مشاورت سے مستفید ہو رہا ہے۔ایوان کے نائب صدر نے سکھر کے قبل از پاکستان سے تجارتی دریائی گزرگاہ کی حیثیت اورنمایاں تجارتی منڈی ہونے سے بھی آگاہ کیا ۔اس موقع پر سابق صدور محمد دین، انجینئر عبدالفتاح شیخ،عامر علی خان غوری، اراکینِ ایوان علی بخش خان مہر، محمد رفیق ڈوسانی،عرفان صمد، رحیم بخش بھٹو اور سیکریٹری ایوان اسرار حسین بھٹی موجود تھے۔