لاہور(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان میں بجلی تو ہے نہیں شہبازشریف بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو لوڈشیڈنگ ہی تحفے میں بھیجیں، ن لیگ حکومت اپنے آپ کو زندہ رکھنے کیلئے ٹی وی اور اخبارات کا سہارا لے رہی ہے عملی طور پر ان کے پائوں اکھڑ چکے ہیں، دونوں بھائی تختی لگانے کے شوق میں ایسے منصوبوں کا افتتاح کر رہے ہیں جن کا وہ خود پہلے بھی کئی بار صرف افتتاح کر چکے ہیں۔رہائش گاہ پر ملاقات کیلئے آنے والے طارق بشیر چیمہ ایم این اے اور ڈاکٹر افضل ایم پی اے کی قیادت میں بہاولپور کے منتخب چیئرمین و نائب چیئرمین سمیت مسلم لیگی رہنمائوں کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے جس میں سابق ایم پی اے چودھری احسان الحق، سرفراز احمد شامل تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ حکمرانوں کا مقصد صرف اور صرف کمیشن بنانا ہے، ہر پیدا ہونے والا بچہ لاکھوں کا مقروض ہے لیکن دونوں بھائی مودی کی دوستی کیلئے مرے جا رہے ہیں۔