ملتان (سٹاف رپورٹر)پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان نے 36تشہیری کمپنیوں سے بورڈز کی تعداد کا ریکارڈ مانگ لیا۔ 15 روز میں تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت کر دی ۔ ذرائع کے مطابق پی ایچ اے انتظامیہ نے ملتان میں لگائے بورڈز کی قانونی حیثیت جانچنے اور ایڈورٹائزرز کی شکایات دور کرنے کے لیئے اقدامات کا فیصلہ کر لیا۔ پی ایچ اے نے 36 تشہیری کمپنیوں کو نوٹس جاری کیا جس میں انہیں کہا گیا ہے کہ کمپنی اپنے بورڈز کی تعداد بتائے اور یہ بتائے کہ بورڈز کس کس علاقے میں نصب کیئے گئے ہیں ۔ اس ضمن میں تشہیری کمپنیوں کو 15 روز کا وقت دے دیا گیا ہے ۔پی ایچ اے حکام کے مطابق بورڈز کا ریکارڈز طلب کرنے سے ایڈروٹائزرز کی بورڈز کاٹنے کی شکایات کا ازالہ ہو جائے گا، کمپنیوں کی طرف سے دیئے گئے ریکارڈز میں موجود بورڈز کی قانونی حیثیت جانچی جائے گی اور دیگر بورڈز جو ریکارڈز میں موجود نہیں ہوں گے ان بورڈز کے خلاف بڑا آپریشن کیا جائے گا۔