اسلام آباد ( کامرس رپور ٹر ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک نے پاکستان کے بارے میں دنیا کی رائے بدل کر رکھ دی ہے۔2013سے قبل پاکستان کے مخالفین ہمیں خطرناک ملک قرار دینے پر توانائیاں صرف کر رہے تھے، آج پاکستان کے بدخواہ سی پیک کی کامیابی کو روکنے کے لئے شکوک پیدا کرنا چاہ رہے ہیں، گوادر خطے میں ترقی کا محور بن کر ابھر رہا ہے، سی پیک تیزی سے حقیقت میں ڈھل رہا ہے ،احسن اقبال نے ان خیالات کا اظہار بلوچستان سے آئے ہوئے پارٹی ورکرزاور نوجوانوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، احسن اقبال نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار بلوچستان کے عوام کا احساس محرومی ختم ہوتا نظر آ رہا ہے، بلوچستان کے طول و عرض میں ترقیاتی منصوبوں اور سڑکوں کا جال بچھنے سے وہاں کے عوام قومی دھارے کا حصہ بن چکے ہیں، گوادر میں بین الاقوامی معیار کی یونیورسٹی کے قیام سے یہ شہر تعلیمی میدان میں بھی دنیا کی توجہ کا مرکز بن جائے گا، وہ دن دور نہیں جب پاکستان اور دیگر ممالک سے طلبہ اور پروفیشنلز گوادر یونیورسٹی میں تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت حاصل حاصل کرنے آئیں گے، وہ دن دور نہیں جب میڈ ان پاکستان دنیا بھر میں معیار کی علامت سمجھا جائے گا۔ انہوں نے اس تاثر کی سختی سے تردید کی کہ سی پیک کے نتیجے میں صوبہ بلوچستان اور بالخصوص گوادر کے شہریوں کو اقلیت میں بدل دیا جائے گا۔ انہوں نے دو ٹوک انداز میں واضح کیا کہ بلوچستان کے وسائل پر وہاں کے لوگوں کا بنیادی حق ہے اور حکومت صوبے بھر کے عوام کا معاشی، سماجی، قانونی اور ہر لحاظ سے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔ گوادر میں نئے ائیر پورٹ کی تعمیر سال رواں میں شروع ہو جائیگی - گوادر یونیورسٹی کیمپس کا آغاز کیا جا چکا ہے - سی پیک پاکستانی بزنس کے لئے تاریخی مواقع لایا ہے - نجی شعبے کا فرض ہے کہ سی پیک سے فائدہ اٹھانے کی بھرپور تیاری کرے - صنعتی زونز میں پاکستانیوں کو روزگار ملے گا -