کراچی (محمد ناصر) پاکستان کی ٹیلی ویژن تاریخ میں پہلی بار ایک نیا اور سنسنی خیز موضوع ”ناگن“کے نام سے پیش کیا جارہا ہے جو ”جیو کہانی“ پر 17اپریل سے ہر پیر تا جمعرات شب 8 بجے نشر کیا جائے گا۔ ”نفرت کی پُھنکار “سے آگے بڑھنے والی کہانی کس طرح ”محبت کی پھوار“ میں تبدیل ہوگی یہی اس سیریل کا خلاصہ ہے۔ انسان سے ناگن اور ناگن سے انسانی روپ دھارنے والی دلچسپ اسٹوری کو افتخار عفی نے تحریر کیا ہے اور اس کے ہدایتکار شاہ بلال ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے انتہائی خوبصورتی سے عکس بند کئے گئے اس ڈرامے میں معروف اداکارہ اور فلم اسٹار ریشم، جاناںملک، صائمہ سلیم، راحیلہ آغا، شین جاوید، عمران احمد ، ضیاخان، حریب فاروق، ارسلان مغل، ارسلان ادریس، وجیہہ درانی، مائرہ بنگش، عائشہ جاوید، زیب چوہدری، رشید علی، ہما علی، راجا فیروز، جاوید ہاشمی، فانی جان، تنویر ملک، احسن مراد، شاہد حسین، فیض چوہان اور شاہان علی اپنے فن کے جوہر دکھائیں گے۔یہ پیشکش بابر جاوید کی ہے۔ ”قسمت اور زندگی دونوں ساتھ ملتی تو ہیں پر ساتھ رہتی نہیں ہیں“ زندگی اور قسمت کےساتھ اپنا حقیقی بچہ حاصل کرنے کیلئے ایک طاقتور خاندان سے جنگ لڑنے والی ایک معصوم لڑکی کی دِل چھو لینے والی داستان”جیو کہانی“ کے دوسرے میگا سیریل ”ادھوری ماں “ میں نشر کی جائے گی۔ یہ ڈرامہ پیر تا جمعرات شب 9 بجے دکھایا جائے گا۔ دُکھوں سے بھری داستان ناظرین تیسرے ڈرامے ”ستم “ میں ہر شام 7 بجے دیکھیں گے۔ اس سیریل کے کرداروں میں عائشہ خان، احسن خان اور جاوید شیخ نمایاں ہیں۔ ”چارہ گر “ میں خواتین کو معاشی مشکلات اور بدتر حالات کے چیلنجز سے نمٹنے کے گُر سکھائے جائیں گے۔ یہ سیریل ناظرین ہر شب 10 بجے دیکھ سکیں گے۔ اِن کے علاوہ کچھ نئے سیریلز بھی ”جیوکہانی“ پر دھوم مچانے کیلئے تیار ہیں جن تفصیلات چند روز بعدشائع کردی جائیں گی اور پھر ”جیو نیٹ ورک “ کے اس خوبصورت چینل پر پورا ہفتہ لگا تار اور نئے انداز میں انٹرٹینمنٹ کی برسات سے ہوگی جس سے ناظرین لطف اندوز ہوتے رہیں گے۔