• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’کپل شرما شو‘ ایک بار پھر بند ہونے کے قریب

Kapil Sharma Show Nearing Off Again
بھارتی کامیڈین کپل شرما کے ستارے آج کل پھرگردش میں ہیں۔ساتھی کامیڈین سنیل گروور کے ساتھ جہاز میں ہونے والے جھگڑے کے بعد سے کپل شرما کو نہ توانڈسٹری سے کوئی سپورٹ ملی اور نہ ہی مداحوں نے ان کا ساتھ دیا۔

سنیل گروور کے شو کو چھوڑ کر جانے کے بعد سے اب تک کپل شرما کے کامیڈی شو کی ریٹنگ بھی کافی گر چکی ہے اور اب بھارتی چینل نے ’دی کپل شرما شو‘ کو بند کرنے کا ارادہ کرلیا ہے۔

’بالی وڈ لائف‘ کے مطابق بھارتی چینل نے شو کی گرتی ہوئی ریٹنگ کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بات پر غور کیا کہ اس شو کے لیے 107 کروڑ ہندوستانی روپے دینا کسی بیوقوفی سے کم نہیں ہوگا۔

حال ہی میں کپل شرما نے ایک ٹی چینل سے نشر ہونے والے اپنے کامیڈی شو کی 100 اقساط مکمل ہونے کا جشن منایاجس کے بعد چینل اس معاہدے کو بڑھانے میں دلچسپی نہیں لے رہاجبکہ ایسی رپورٹس بھی سامنے آئی ہیں کہ بھارتی چینل سنیل گروور سے ایک نیا اور الگ شو کی میزبانی کے لیے رابطے میں ہےلیکن فی الحال سنیل گروور نے کسی آفر کو قبول نہیں کیا۔

اس سے قبل ایک اور چینل پر سنیل اورکپل شرما کے درمیان ہونے والے جھگڑے کے باعث ان کے شو ’کامیڈی نائٹس ود کپل شو ‘کا اختتام کردیا گیا تھاجس کے بعد کپل شرما کو ایک دوسرے چینل کا سہارا لینا پڑا۔

گذشتہ ماہ اس حوالے سے رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ ’’کپل شرما شو‘‘ کی ٹیم آسٹریلیا میں ایک پرفارمنس ٹور کے بعد واپس آرہی تھی جب کپل شرما کا ٹیم کے ساتھ جھگڑا ہوگیا۔

رپورٹس کے مطابق کپل شرما نے 12 گھنٹے کی فلائٹ کے دوران اتنی زیادہ شراب پی کے وہ خود پر قابو نہ رکھ سکے، اس موقع پر شو کی ٹیم نے کھانا‘ کھانا شروع کردیا البتہ کپل شرما کو یہ دیکھ کر کافی غصہ آیا کہ ٹیم نے ان کا انتظار نہیں کیا۔

فلائٹ میں موجود ایک عینی شاہد کے مطابق کپل شرما کا کہنا تھا کہ جب میں نے کھانا شروع نہیں کیا تو تم لوگوں نے کیسے لے لیا کھانا؟اس دوران کپل شرما فلائٹ میں موجود ایک خاتون سے بدتمیزی سے بات کرنے لگے، اور اسی وقت سنیل گروور نے انہیں روکنے کی کوشش کی۔

کپل شرما کو سنیل گروور پر اس قدر غصہ آیا کہ انہوں نے اپنا جوتا اتار کر سنیل کو مارنا شروع کردیا، انہوں نے سنیل کا گریبان بھی پکڑا اور انہیں تھپڑ بھی مارے۔

کپل شرما کے اس رویے کے باعث ان کی پوری ٹیم کافی خوف زدہ ہوگئی جس کے بعد کپل شرما نے اپنی ٹیم سے کہا 'تم لوگوں کو میں نے بنایا ہے، سب کا کیریئر ختم کردوں گا، سب کو نکال دوں گا میں۔

اس واقعے کے بعد سنیل گروور سمیت ٹیم کے کئی اور فنکاروں نے کپل شرما شو کا بائیکاٹ کرتے ہوئے شوٹنگ سے انکار کردیا تھا۔
تازہ ترین