• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ حکومت کراچی کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکی،نہال ہاشمی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) مسلم لیگ ن سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کراچی کے مسائل اور شہریوں کے جائز حقوق دینے میں ناکام ہوچکی ہے اور اس ہی وجہ سے وہ اپنی ہی حکومت کے خلاف احتجاج میں مصروف ہے اسے اس کے احتجاجی مظاہرے ناکامی کا اعتراف ہیں اسے کراچی کے مسائل پر بھی احتجاج کرنا چاہئے،اور اپنی نااہلی پر سندھ حکومت سے مستعفی ہوکر دوسری اکثریتی جماعت کے حوالے سندھ حکومت کو کردے۔بلاول ہائوس لاہور کو عجائب خانہ میں تبدیل کرکے وہاں اپنے کرتوتوں کی تصاویر لگوائے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے مسلم لیگ ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ا س موقع پر ان کے ہمراہ مسلم لیگ کراچی کے صدر سید منور رضا،سندھ کے سیکریٹری اطلاعات محمد اسلم ابڑو، اسد عثمانی، اشتیاق، خرم بھٹی اور دیگر بھی موجود تھے۔انھوں نے کہا کہ آج پاکستان مشین ٹول فیکٹری میں مسلم لیگ ن کی حمایت یافتہ یونین کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ مزدوروں نے وزیر اعظم نواز شریف کی لیبر پالیسی اور صنعتی پالیسی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سندھ سے فرار ہوکر لاہور چلے گئے ہیں وہ کبھی لاہور میں نظر آتے ہیں اور کبھی پشاورمیں جبکہ آصف علی زرداری کو لوگ سندھ میں ڈھونڈ رہے ہیں۔ نہال ہاشمی نے کہا کہ بے نظیر بھٹو یونیورسٹی لاڑکانہ کا 7سالوں سے آڈٹ نہیں کروایا گیا۔انھوں نے کہا کہ 9سالوں میں وفاقی حکومت نے این ایف سی ایوارڈ کے حوالے سے سندھ حکومت کو 1200ارب روپے دیئے یہ کہاں گئے کسی کو نہیں پتہ۔انھوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کے الیکٹرک جو لوڈ شیڈنگ اور اوور بلنگ کر رہی ہے اس کی ذمے دار سندھ حکومت ہے۔
تازہ ترین