• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تلہار: پولیس کا ملزمان کی گرفتاری کیلئے گائوں پر چھاپہ

بدین ( نامہ نگار) تلہار پولیس نے جھگڑے کے ملزمان کی گرفتاری کے لئے نواحی گاؤں نیو پوتہ اور الانو جونیجو پر  چھاپہ مارا، دوران کارروائی خواتین کی مزاحمت پر پولیس نے خواتین پر مبینہ لاٹھی چارج اور خواتین کو لاتوں گھونسوں سے زدوکوب کیا جس سے دو خواتین زخمی ہو گئیں جبکہ متعدد بے ہوش ہو گئیں۔ پولیس کارروائی کے بعد اہل علاقہ متاثرہ خواتین کو لیکر بدین پہنچ گئے جہاں انہوں نے ایوان صحافت کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا۔ دھرنے کے باعث اندرون شہر چلنے والی ٹریفک معطل ہو گئی۔ خواتین نے پولیس کے خلاف نعرہ بازی کی اس موقع پر خواتین نے بتایا کہ پولیس نے مبینہ چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے انکے مسلح مخالفین کے ہمراہ گاؤں پر دھاوا بول دیا اور ملزمان کی تلاش کے نام پر خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا اور جاتے ہوئے دو خواتین کو گرفتار کر کے ساتھ لے گئے جو اب تک لاپتہ ہیں۔  انہوں نے کہا کہ اعلی حکام سے اس ضمن میں فراہمی انصاف کی اپیل کی دوسری جانب رابطہ کرنے پر ایس ایچ او تلہار اشفاق منگی کا کہنا تھا کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج ہے جبکہ انہوں نے نہ توخواتین کو گرفتار کیا اور نہ ہی تشدد کیا۔
تازہ ترین