• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضیاء شاہد نے پاکستان کیخلاف سازشوں کو بے نقاب کیا ،مقررین

 لاہور(نمائندہ جنگ )پاکستان کا قیام دوقومی نظریہ کی بنیاد پر عمل میں آیا، تحریک پاکستان کے دوران مسلمانان برصغیر نے اسی نظریہ کیلئےجان ومال کی لازوال قربانیاں دیں۔ ضیاء شاہد نے اپنی کتاب کے ذریعے پاکستان کے خلاف ہونیوالی سازشوں کو بڑی جرأت اور بیباکی سے بے نقاب کرکے پوری قوم کے سامنے پیش کیا ہے تاکہ وہ حقائق جان سکیں۔ ان خیالات کااظہار مقررین نے   سینئر صحافی ضیاء شاہد کی تصنیف ’’قائداعظم کی سوچ اور دوقومی نظریہ کے بجائے زبان اور نسل کی بنیاد پر پاکستان کے خلاف سازش‘‘ کی تقریب رونمائی کے دوران کیا ۔سابق صدر  پاکستان  محمد رفیق تارڑ نے تقریب کے شرکاء کے نام  پیغام میں کہا کہ  ضیاء شاہد نے اس کتاب کے ذریعے پاکستان کو نقصان پہنچانے والے کرداروں کو بے نقاب کر کے اہم قومی خدمت انجام دی ہے۔ بدقسمتی سے آج بھی پاکستان میں چند ایسی آوازیں سننے کو مل رہی ہیں جو قائداعظم کی سوچ کے برعکس زبان اور نسل کی بنیاد پرنعرے لگا رہی  ہیں۔ریاست مدینہ کے بعد پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہونیوالی دوسری نظریاتی ریاست ہے اور یہ ملک انشاء اللہ تا قیامت قائم ودائم رہے گا ۔جسٹس(ر) میاں آفتاب فرخ نے کہا کہ ضیاء شاہد کا سارا کیریئر پاکستان اور نظریۂ پاکستان کے تحفظ کے گرد گھومتا ہے اور وہ اس نظریہ کے علمبردار ہیں۔ ضیاء شاہد نے کہا کہ آج دو قومی نظریہ بھارت میں بھی سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ یہ کتاب لکھنے کا مقصد پاکستان کیخلاف ہونیوالی ہر سازش کو بے نقاب اور ناکام بنا نا ہے۔ہم اکھنڈ بھارت اور گریٹر پنجاب جیسی تمام سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔سعید آسی  ،بشریٰ رحمنٰ ،سہیل وڑائچ ، ڈاکٹر محمد اجمل نیازی ،مولانا محمد شفیع جوش ،محمد یٰسین وٹو نے بھی خطاب کیا۔
تازہ ترین